اسلام 24/7 : رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے بدعنوانی کے خلاف فیصلہ کن جنگ اور امریکی و اسرائیلی جارحیت سے ہونے والے نقصانات کے ہرجانے سمیت قوم کے حقوق کے حصول کے لیے پرعزم کوششوں پر زور دیا ہے۔ یمنی ٹی وی ‘المسیرہ’ کے مطابق انہوں نے یہ بات ہفتے کو ایران کی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اژہ ای سے ملاقات میں کہی۔
رہبر انقلاب نے کہا کہ عدلیہ انصاف کے فروغ، بدعنوانی کے مؤثر خاتمے اور مقدمات کو تیز اور فیصلہ کن انداز میں نمٹا کر اسلامی نظام کے سماجی سرمائے کو مضبوط کرے۔
مزید پڑھیں : ملک کو ‘نہ جنگ نہ امن’ کی صورتحال سے نکالنا ہوگا، صدر پزشکیان؛ منگل کو ماسکو میں پیوٹن سے ملاقات متوقع
آیت اللہ خامنہ ای نے عدلیہ میں جامع اور ٹھوس اصلاحات، قوانین پر صحیح عملدرآمد کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور باقاعدہ معائنوں کا مطالبہ کیا۔
ملاقات کے آغاز میں محسنی اژہ ای نے عدلیہ کی نئی مدت کے منصوبوں پر رپورٹ پیش کی، جن میں عدالتی تبدیلی کی دستاویز کو جدید بنانا اور عدالتی امور کی ڈیجیٹلائزیشن تیز کرنا شامل ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘مہر’ کے مطابق محسنی اژہ ای نے ہفتے کو ہی اقتصاد دانوں کے ساتھ اجلاس میں کہا تھا کہ ’’جب آپ جنگ میں ہوں تو ایسا برتاؤ نہیں کر سکتے جیسے جنگ کا زمانہ نہ ہو۔‘‘ لبنانی ٹی وی ‘المنار’ نے بھی عدلیہ کے سربراہ اور رہبر انقلاب کی ملاقات کی خبر دی ہے۔