الخلیل کا محاصرہ تیسرے روز میں داخل: 1,500 فلسطینی جبراً بےگھر، مزید 2,500 کو نکالنے کا منصوبہ، 20 گرفتار

الخلیل میں اسرائیلی انہدامی کارروائی کا فضائی منظر

اسلام 24/7 : اسرائیلی قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے صوبہ الخلیل کا فوجی محاصرہ اتوار کو مسلسل تیسرے روز بھی جاری رکھا۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی ‘وفا’ کے مطابق قابض فوج نے دورا، یطا، السموع، ترقومیا اور حلحول سمیت کئی علاقوں میں گھروں پر چھاپے مار کر کم از کم 20 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

‘فلسطین انفارمیشن سینٹر’ کے مطابق جمعہ سے اب تک دیر بحا اور الجلدہ کے علاقوں سے تقریباً 1,500 فلسطینیوں کو جبراً بےگھر کیا جا چکا ہے، جبکہ الخلیل کے میئر یوسف الجعبری کے مطابق قابض فوج ان دونوں علاقوں سے مزید تقریباً 2,500 شہریوں کو نکالنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ 200 سے زائد خاندان بےگھر ہو چکے ہیں اور کئی نے رات کھلے آسمان تلے گزاری۔

مزید پڑھیں : الخلیل میں قابض فوج کی وسیع کارروائی، گھروں پر چھاپے اور خاندان جبراً بےگھر؛ مزاحمت کا راستہ مضبوط ہوگا، حماس

رپورٹ کے مطابق قابض فوج نے خالی کرائے گئے گھروں پر نشان لگائے اور مزید خاندانوں کو گاڑیاں ساتھ لیے بغیر گھر چھوڑنے کے نوٹس دیے۔ فرش الہوا میں ایک رہائشی عمارت مسمار کر دی گئی، اور کئی گھروں کو فوجی چوکیوں اور بیرکوں میں بدل دیا گیا۔ الخلیل بلدیہ نے ہنگامی حالت کا اعلان کر کے عارضی پناہ گاہیں کھول دی ہیں۔

اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد نے ‘وفا’ کے مطابق الخلیل پر حملے کو نسلی تطہیر قرار دیا اور سلامتی کونسل سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ ‘وفا’ کے مطابق اسرائیلی فوج نے منگل کو اسرائیلی انتخابات کے دن پورے مغربی کنارے کی مکمل بندش کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت تمام گزرگاہیں بند رہیں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top