اسلام 24/7 : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ملک کو ’’نہ جنگ نہ امن‘‘ کی صورتحال سے نکالنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ ان کی حکومت شفاف اور قابل پیش گوئی ماحول میں منصوبہ بندی کر سکے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘مہر’ کے مطابق انہوں نے یہ بات ہفتے کو تہران میں ادارہ منصوبہ بندی و بجٹ میں 2026 کی آبادی و رہائش کی مردم شماری کی تقریب سے خطاب میں کہی۔
صدر پزشکیان نے اپنے خطاب کا آغاز بانی انقلاب امام خمینیؒ، شہید رہبر انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور 12 روزہ اور 40 روزہ جنگوں کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کر کے کیا۔
مزید پڑھیں : بم اور میزائل ایرانی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کر سکتے، اندرونی تفرقہ دشمن کا ہدف ہے، صدر پزشکیان
دوسری جانب روس میں ایرانی سفیر کاظم جلالی نے بتایا ہے کہ صدر پزشکیان منگل 27 اکتوبر کو ماسکو میں گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ‘مہر’ کے مطابق جلالی نے کہا کہ دورے میں ایران اور روس کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون، شمال جنوب راہداری اور توانائی و غذائی تحفظ پر بات ہوگی۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے 19 اکتوبر کو اپنے دورہ تہران کے دوران کہا تھا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن اس اجلاس کے موقع پر پزشکیان سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ‘مہر’ کے مطابق ایران کی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اژہ ای نے بھی ہفتے کو کہا کہ ’’جب آپ جنگ میں ہوں تو ایسا برتاؤ نہیں کر سکتے جیسے جنگ کا زمانہ نہ ہو‘‘۔