اسلام 24/7 : ایرانی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے اتوار کی صبح جنوبی بندرگاہی شہر بندر عباس میں امریکی ‘لوکاس’ ڈرون مار گرایا۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘مہر’ کے مطابق فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ ڈرون کو ملک کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت کام کرنے والے فوجی فضائی دفاعی نظام نے نشانہ بنا کر تباہ کیا۔
لبنانی ٹی وی ‘المنار’ نے بھی ایرانی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے اس سرکاری بیان کی تصدیق کی ہے۔ چینل کے مطابق سپاہ پاسداران کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل مجید موسوی نے ستمبر میں کہا تھا کہ امریکا نے ‘لوکاس’ ڈرون ایران کے ‘شاہد 136’ ڈرون کی نقل کر کے تیار کیا اور اپنے فوجی ہتھیاروں میں شامل کیا ہے۔
مزید پڑھیں : زنگ آلود امریکی جنگی جہازوں کو دوبارہ خلیج فارس میں داخل نہیں ہونے دیں گے، ایرانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل عبداللہی
جنرل موسوی کے مطابق ایران کے پاس جنگی اور جاسوسی مشنوں کے لیے ‘شاہد’ ڈرونز کا متنوع بیڑا موجود ہے۔
‘مہر’ کے مطابق اس سے قبل 20 اکتوبر کو سپاہ پاسداران نے اعلان کیا تھا کہ اس کے فضائی دفاع نے آبنائے ہرمز کی فضا میں ایک امریکی ‘ایم کیو 9’ ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا، جو اس نوعیت کا 54 واں مار گرایا جانے والا ڈرون تھا۔
واضح رہے کہ بندر عباس آبنائے ہرمز کے کنارے ایران کا اہم بندرگاہی شہر ہے، جبکہ ایرانی فوجی حکام بارہا خبردار کر چکے ہیں کہ امریکی فوجی نقل و حرکت کو خلیج فارس کے قریب آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔