اسلام 24/7 : ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکا کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’کسی بھی صورت میں اور کسی بھی وقت ہم امریکی فوجی جہازوں کو خلیج فارس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘‘ ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘مہر’ اور لبنانی ٹی وی ‘المنار’ نے یہ بیان ہفتے کو شائع کیا۔
جنرل عبداللہی کے مطابق ایران کی مسلح افواج نے امریکی بحریہ کو، اس حد تک غیر مؤثر کر دیا ہے کہ وہ اب خلیج فارس کے گرد پانیوں یا ایران کی سمندری حدود کے قریب آنے کے قابل نہیں رہی۔ ‘المنار’ کے مطابق انہوں نے کہا کہ امریکی صدر صرف خواب ہی دیکھ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں : امریکا خطہ چھوڑ دے تو آبنائے ہرمز کھل جائے گی ورنہ ہم اسے نکال دیں گے، ایرانی فوج کے ترجمان اکرمی نیا
انہوں نے ٹرمپ کے دعوؤں کو متضاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’اگر آپ کو یقین ہے کہ آپ نے ایران کی تمام فوجی صلاحیتیں تباہ کر دی ہیں تو آپ کے زنگ آلود جنگی جہاز اور بزدل فوجی آبنائے ہرمز یا ایران کی سمندری اور زمینی سرحدوں کے قریب آنے کی جرأت کیوں نہیں کرتے؟‘‘
جنرل عبداللہی کے مطابق یہ طے ہو چکا ہے کہ امریکا اور اس کی ’’ناجائز اولاد‘‘ صہیونی حکومت اپنی ہی بنائی ہوئی دلدل میں مزید دھنستے جائیں گے۔
واضح رہے کہ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل سپاہ پاسداران بحریہ کے کمانڈر نے کہا تھا کہ امریکی افواج آبنائے ہرمز سے 600 سے 700 کلومیٹر دور جا چکی ہیں۔