اسلام 24/7 : یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج نے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے سعودی عرب کے اندر سات کارروائیاں کی ہیں۔ لبنانی ٹی وی ‘المنار’ کے مطابق ہفتے کو جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ سعودی جارحیت کا جواب ہے۔
بیان کے مطابق ریاض کے کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے کو دو مرحلوں میں، ینبع میں آرامکو، رابغ آئل ریفائنری اور مشرق مغرب خام تیل پائپ لائن کے پمپنگ اسٹیشنوں کو نشانہ بنایا گیا۔ دمام کے کنگ فہد ہوائی اڈے پر حملے سے فضائی آمدورفت متاثر ہوئی، جبکہ نجران ہوائی اڈے اور خمیس مشیط فضائی اڈے کو بھی ہدف بنایا گیا۔
مزید پڑھیں : سعودی تیل تنصیبات ممکنہ اہداف ہیں، ملازمین دور رہیں اور آرامکو کے حصص دار سرمایہ نکال لیں، یمنی فوجی ذریعہ
یحییٰ سریع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سعودی جارحیت نے 100 فضائی حملے کیے اور مجموعی تعداد 3,123 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ناکہ بندی کے بدلے ناکہ بندی‘‘ اور ’’کشیدگی کے بدلے کشیدگی‘‘ کی مساوات کے تحت کارروائیاں جارحیت رکنے اور محاصرہ ختم ہونے تک جاری رہیں گی۔
یمنی ٹی وی ‘المسیرہ’ کے مطابق یحییٰ سریع نے ہفتے کی شام فضائی کمپنیوں اور مسافروں کو کنگ خالد ہوائی اڈے سے سفر نہ کرنے کی دوبارہ تنبیہ کی۔
واضح رہے کہ ‘المسیرہ’ کے مطابق یمنی فوج نے ہفتے کو عدن میں النصر کیمپ اور بحری فوجی اڈے پر سعودی افواج کے اجتماعات کو بھی نشانہ بنایا۔