بم اور میزائل ایرانی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کر سکتے، اندرونی تفرقہ دشمن کا ہدف ہے، صدر پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان خطاب کرتے ہوئے

اسلام 24/7 : ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ بم اور میزائل ایرانی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کر سکتے، لیکن اگر ہم اندرونی طور پر تقسیم ہو گئے تو دشمن اپنا مقصد حاصل کر لے گا۔

خبر رساں ادارے ‘مہر’ کے مطابق صدر پزشکیان نے جمعرات کو قومی یوم نرس کی تقریب سے خطاب میں کہا: ’’بم اور میزائل کسی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کر سکتے، لیکن اگر ہم اندرونی طور پر تقسیم ہو جائیں تو دشمن اپنا ہدف حاصل کر لے گا‘‘۔ انہوں نے ملک کی طاقت اور اتحاد کو کمزور کرنے کے لیے اندرونی اختلافات اور موجودہ مسائل سے فائدہ اٹھانے کی دشمن کی سازشوں سے خبردار کیا۔

مزید پڑھیں : امریکا کا جواب ناکافی ہے، محاصرہ اور جارحیت جاری رہی تو آبنائے ہرمز میں سلامتی بحال نہیں ہوگی، ایران

ایرانی صدر نے کہا کہ ایرانی عوام نے دشمنوں کے مقابلے میں ڈٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ دشمن نقل و حمل اور مواصلاتی راستوں پر پابندیوں سمیت مختلف ذرائع سے ملک پر دباؤ بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا: ’’دشمن سمجھتا تھا کہ بجلی، پانی اور گیس کی قلت، ایندھن کے مسائل، ماحولیاتی چیلنجز، بینکاری کے مسائل، بجٹ خسارہ اور پنشن فنڈز کے مسائل ایرانی معاشرے کو تقسیم کر دیں گے، لیکن عوام کی استقامت اور یکجہتی نے ان توقعات کو غلط ثابت کر دیا‘‘۔

صدر پزشکیان نے نرسوں اور دیگر طبی عملے کی قربانیوں کو سراہا، اور ان لوگوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو مشکل ترین حالات میں ملک کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ڈٹے رہے۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ ایسی باتوں یا اقدامات سے گریز کریں جو قومی اتحاد کو نقصان پہنچائیں، اور تمام دستیاب وسائل عوامی اعتماد کی مضبوطی کے لیے استعمال کریں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top