اسلام 24/7 : یمن کے دارالحکومت صنعاء اور صوبہ صنعاء میں ہفتے کو سعودی جنگی طیاروں کے حملوں میں خاتون اور بچی سمیت کم از کم 10 شہری شہید اور 11 زخمی ہو گئے۔ یمنی خبر رساں ایجنسی ‘سبا’ کے مطابق یمنی وزارت صحت و ماحولیات نے اپنے بیان میں بتایا کہ یہ ابتدائی اعداد و شمار ہیں۔
وزارت کے مطابق صنعاء کے علاقے عصر میں ایک شہری کے گھر پر حملے میں 3 شہری شہید اور 3 زخمی ہوئے، جبکہ صوبہ صنعاء کے ضلع ہمدان میں سیمنٹ فیکٹری پر حملے میں ایک خاتون اور ایک بچی سمیت 7 شہری شہید اور 8 زخمی ہوئے۔ یمنی ٹی وی ‘المسیرہ’ نے تازہ رپورٹ میں شہداء کی تعداد 12 بتائی اور کہا کہ فیکٹری کے مزدوروں کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا۔
مزید پڑھیں : 24 گھنٹوں میں یمن پر 124 سعودی فضائی و میزائل حملے، صنعاء کے ضلع نہم میں دو گھروں پر بمباری سے 3 شہری شہید
‘المسیرہ’ کے مطابق سعودی طیاروں نے ہفتے کی صبح سے ساحلی شہر المخا پر تقریباً 20 فضائی حملے کیے اور صعدہ کے ضلع رازح پر گولہ باری کی گئی۔ چینل کے مطابق صعدہ شہر کے مغرب میں افریقی تارکین وطن کے ایک حراستی مرکز پر دو فضائی حملوں میں ایک تارک وطن جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔
یمن کے قومی انسانی حقوق کمیشن نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیمنٹ فیکٹری 2,000 سے زائد خاندانوں کا ذریعہ معاش ہے۔
واضح رہے کہ ‘سبا’ کے مطابق انسانی حقوق کمیشن نے کہا ہے کہ سعودی جارحیت میں حالیہ اضافے کے 100 دنوں کے دوران یمن پر 2,900 سے زائد فضائی حملے کیے گئے ہیں۔