اسلام 24/7 : مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے داخلی راستے فرش الہوا پر اسرائیلی فوجی چیک پوسٹ پر جمعہ کی صبح فائرنگ کی کارروائی میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔ ‘فلسطین انفارمیشن سینٹر’ اور ایرانی ٹی وی ‘پریس ٹی وی’ نے یہ تعداد بتائی ہے، جبکہ ‘مہر’ کی ابتدائی رپورٹ میں چھ فوجیوں کے زخمی ہونے کی خبر دی گئی تھی۔
‘فلسطین انفارمیشن سینٹر’ کے مطابق کارروائی کرنے والے دونوں فلسطینی نوجوان شہید ہو گئے، جن کا تعلق عین دیر بحا کے الجعبہ خاندان سے تھا۔
مزید پڑھیں : مغربی کنارے میں آبادکاروں کا فرانس، بیلجیئم اور پولینڈ کے سفارتکاروں پر حملہ، سفارتی گاڑی کا شیشہ توڑ دیا
القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے اسے ’’بہادرانہ کارروائی‘‘ قرار دیتے ہوئے فلسطینیوں سے قبضے کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے، مسجد اقصیٰ اور قیدیوں کے دفاع اور غزہ کی حمایت کی اپیل کی۔ ‘پریس ٹی وی’ کے مطابق حزب اللہ نے اسے اسرائیلی جرائم کا ’’فطری اور جائز ردعمل‘‘ کہا۔
کارروائی کے بعد قابض فوج نے حلحول، وادی السمن، الفحص اور المصانع کی چیک پوسٹیں بند کر دیں۔ ‘پریس ٹی وی’ کے مطابق نیتن یاہو نے پورے مغربی کنارے کی مکمل بندش کی تیاری کا حکم دیا، جبکہ ایتامار بن گویر نے فلسطینی اتھارٹی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘مہر’ کے مطابق اسرائیلی فوج نے الخلیل اور گرد و نواح کے دیہات کا مکمل محاصرہ کر کے وسیع کارروائی شروع کر دی ہے۔