اسلام 24/7 : ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج نے کسی بھی نئی فوجی مہم جوئی کے لیے 12 روزہ اور 40 روزہ جنگوں سے زیادہ تباہ کن منصوبہ تیار کر رکھا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کا نیا آپریشنل منصوبہ ان اصولوں کے مطابق نہیں چلے گا جن سے دشمن واقف ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ‘مہر’ کے مطابق محسن رضائی نے اتوار کو ‘ایکس’ پر اپنی پوسٹ میں لکھا: ’’امریکی اور اسرائیلی حکام کی بار بار کی دھمکیاں اور اشتعال انگیز بیان بازی زمینی حقائق کو تبدیل نہیں کر سکتیں‘‘۔ یمنی ٹی وی ‘المسیرہ’ کے مطابق ان کا یہ بیان ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا کہ امریکی فوج نے ایران کے خلاف ایسے حملوں کے منصوبے تیار کیے ہیں جن میں ‘مدر آف آل بمز’ کہلانے والا بم بھی استعمال ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں : صرف ایک وحشی تہذیب ہی ‘ماں’ کا مقدس نام بم پر رکھ سکتی ہے، ٹرمپ کی دھمکی پر سپاہ پاسداران کے ترجمان کا جواب
ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل عبداللہی نے بھی امریکی اور اسرائیلی قیادت کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی نئی غلط فہمی کا جواب پچھلی جنگوں سے مختلف اور زیادہ شدید ہوگا۔ ‘مہر’ کے مطابق انہوں نے کہا: ’’ہم تمہارے احمقانہ فیصلوں کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں‘‘، اور یہ کہ اگلی گرج کہیں زیادہ قریب، زیادہ تباہ کن اور ناقابل روک ہوگی۔
سپاہ پاسداران انقلاب کے ترجمان سردار حسین محبی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے تازہ پیغام میں کہا کہ ایران کی توانائی تنصیبات پر کسی بھی جارحیت کی مرمت ملک کے نوجوان سائنسدان فوراً کر دیں گے، لیکن یہ جارحیت مقبوضہ علاقوں کو ہمیشہ کے لیے جلی ہوئی زمین میں بدل دے گی اور غاصبوں کو صحرائے سینا کی طرف دھکیل دے گی۔ انہوں نے لکھا: ’’دنیا دیکھے گی کہ کیا ہوتا ہے!‘‘
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف کے سینیئر مشیر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے بھی اتوار کو ساری شہر میں ‘جانفدا’ مہم کے اجتماع سے خطاب میں کہا تھا کہ ’’ہم نے اپنے میزائلوں کے باپ کو تیار کر رکھا ہے‘‘، اور کسی بھی غلطی کی صورت میں خطے میں جارحین کی تمام توانائی تنصیبات اور سرمایہ کاری ایرانی میزائلوں کی زد میں ہوگی۔