اسلام 24/7 : بحرینی نیوز ویب سائٹ ‘مرآۃ البحرین’ نے حکومت پر تنقید کی ہے کہ ایک طرف جاپانی اینیمیشن فیسٹیول جیسی ثقافتی تقریبات کی کھلی اجازت دی جاتی ہے، جبکہ دوسری طرف شیعہ برادری کے مذہبی اجتماعات اور روایات پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔
اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ‘ابنا’ کے مطابق ‘مرآۃ البحرین’ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ حکام شیعہ برادری کی ان اسلامی مذہبی مناسبتوں پر سخت اقدامات نافذ کرتے ہیں جو بحرینی عوام دہائیوں سے مناتے آ رہے ہیں، جبکہ دیگر ثقافتوں کی تقریبات کو ثقافتی تبادلے کے نام پر فروغ دیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں : بحرین میں مذہبی خطابت کے لیے لائسنس کی شرط، علما نے آیت اللہ عیسیٰ قاسم کے مؤقف کی حمایت کر دی
رپورٹ میں الدانہ کمرشل سینٹر میں مسلسل تیسرے سال منعقد ہونے والے جاپانی اینیمیشن فلم فیسٹیول کا ذکر کیا گیا، جسے سرکاری میڈیا نے ثقافتی تبادلے اور دیگر ثقافتوں سے واقفیت کا موقع قرار دیا۔ ‘مرآۃ البحرین’ نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت ثقافتی تنوع، کشادگی اور رواداری کی حامی ہے تو شیعہ مذہبی روایات اور مجالس کے بارے میں مختلف رویہ کیوں اختیار کیا جاتا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق بحرین کے اسلامی ورثے میں جڑی مذہبی روایات، جن میں حسینی پرچم لگانا اور مذہبی اجتماعات کا انعقاد شامل ہے، دیگر عوامی تقریبات جیسی آزادی کی حق دار ہیں۔
‘مرآۃ البحرین’ نے حکام سے شیعہ مذہبی روایات، مجالس، خطبا اور ذاکرین کے ساتھ منصفانہ سلوک اور مذہبی آزادی، مساوات اور رواداری کے اصولوں کی پاسداری کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ حال ہی میں بحرین میں مذہبی خطابت کے لیے لائسنس کی شرط پر بھی شیعہ علما نے اعتراض کیا تھا۔