اسلام 24/7 : عراق کی مزاحمتی تنظیم کتائب حزب اللہ کے سکیورٹی عہدیدار ابو مجاہد العساف نے عراقی نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر سال ایک دن امریکی پرچم جلانے اور پامال کرنے کے لیے مخصوص کریں، اور وزیر اعظم علی الزیدی سے اسرائیل اور عراقی خودمختاری کی امریکی خلاف ورزیوں پر حکومت کا مؤقف واضح کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عراقی خبر رساں ادارے ‘شفق نیوز’ کے مطابق ابو مجاہد العساف نے بیان میں کہا کہ عراقی عوام کئی معاملات پر وزیر اعظم سے جواب چاہتے ہیں، جن میں اسرائیل کے بارے میں حکومت کا مؤقف اور ایران پر امریکی پابندیوں کے حوالے سے حکومت کا رویہ بھی شامل ہے۔
مزید پڑھیں : محمد بن سلمان فوجی آپشن کی ناکامی تسلیم کر کے یمن کا محاصرہ ختم کریں، عراقی کتائب حزب اللہ
عراقی خودمختاری کے بارے میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی جانب سے ‘یوم خودمختاری’ کی تقریبات کے بعد سے امریکی افواج درجنوں خلاف ورزیاں کر چکی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بغداد نے ان خلاف ورزیوں پر واشنگٹن سے باضابطہ احتجاج کیا ہے۔
‘شفق نیوز’ کے مطابق العساف کی یہ اپیل اس واقعے کے حوالے سے سامنے آئی جس میں اس ماہ کے آغاز میں یوم خودمختاری کی پریڈ کے دوران الحشد الشعبی کے ارکان نے امریکی پرچم کو پامال کیا تھا۔
واضح رہے کہ یمنی ٹی وی ‘المسیرہ’ کے مطابق امریکی مطالبے پر ایرانی پروازوں پر پابندی کے حوالے سے عراقی حکومت کے طرز عمل پر بھی عراق میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔