سلامتی کونسل کا بیان مایوس کن اور سعودی عرب کے حق میں جانبدار ہے، یمنی پارلیمنٹ کے اسپیکر یحییٰ الراعی

یمنی پارلیمنٹ کے اسپیکر یحییٰ علی الراعی

اسلام 24/7 : یمنی پارلیمنٹ کے اسپیکر یحییٰ علی الراعی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 9 اکتوبر کے بیان کو مایوس کن اور سعودی عرب کے حق میں جانبدار قرار دیا ہے۔

یمنی ٹی وی ‘المسیرہ’ کے مطابق یحییٰ الراعی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کے نام خط میں بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں جہاز رانی کو خطرات سے متعلق اقوام متحدہ کے ایلچی کے انتباہات کو مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘محاصرے کے بدلے محاصرہ’ کی مساوات کے تحت سعودی عرب سے منسلک جہازوں کے سوا تمام جہازوں کے لیے بحری آمد و رفت محفوظ اور معمول کے مطابق ہے۔

مزید پڑھیں : صنعا میں یمنی آئل کمپنی کے مرکز پر سعودی حملہ کھلا جنگی جرم ہے، ایندھن کی فراہمی مستحکم ہے، عمر البخیتی

یمنی اسپیکر نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو 12 سالہ سعودی جنگ اور محاصرے کے دوران اپنی انسانی اور اخلاقی ذمہ داریوں سے پہلوتہی کا ذمہ دار ٹھہرایا اور جارحیت کے معاملے میں عالمی ادارے کی جانبداری پر تنقید کی۔

‘المسیرہ’ کے مطابق سلامتی کونسل نے سعودی عرب پر یمنی حملوں کی مذمت میں بیان جاری کیا تھا، لیکن اس میں موجودہ کشیدگی کے دوران یمن پر کیے گئے سعودی فضائی حملوں کا اسی طرح ذکر نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ یمنی مسلح افواج کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سعودی عرب نے صنعا، تعز، مارب، لحج اور عمران کے ساتھ باب المندب کے جزیرہ میون پر 42 فضائی اور میزائل حملے کیے، اور کشیدگی کے آغاز سے اب تک ایسے حملوں کی تعداد 2,323 ہو گئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top