اسلام 24/7 : غزہ شہر کے مشرقی علاقے شجاعیہ میں اسرائیلی قابض افواج کی پیش قدمی کے بعد اتوار کو فلسطینی خاندانوں کی نقل مکانی کی نئی لہر شروع ہو گئی ہے۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی ‘وفا’ نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ قابض فورسز صلاح الدین روڈ سے تقریباً 10 میٹر کے فاصلے تک پہنچ گئیں اور متعدد مکانات ان کی زد میں آ گئے۔
فلسطینی ویب سائٹ ‘رایہ’ کے مطابق اسرائیلی فوج نے نام نہاد ‘زرد لائن’ کو مغرب کی جانب صلاح الدین روڈ کے قریب منتقل کر دیا، جس کے باعث شجاعیہ کے مغربی اطراف سے شہری گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق اتوار کی صبح سے اسرائیلی فوج کی 12 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں، جن میں شجاعیہ اور خان یونس میں بے گھر افراد کے خیموں کو براہ راست نشانہ بنایا گیا اور ایک حاملہ خاتون سمیت کم از کم 8 افراد زخمی ہوئے۔
مزید پڑھیں : جنگ بندی کا ایک سال: غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، 5 فلسطینی شہید اور 4 مکانات تباہ
‘وفا’ کے مطابق قابض فورسز نے غزہ شہر کے شمال مشرقی محلے التفاح کے مشرقی حصے میں عمارتیں دھماکوں سے اڑانے کا سلسلہ جاری رکھا، جبکہ ‘رایہ’ کے مطابق شجاعیہ اور جنوب مشرقی محلے الزیتون میں بھی مکانات تباہ کیے گئے اور ایک کثیر منزلہ رہائشی عمارت پر فضائی حملہ کیا گیا۔ کواڈ کاپٹر ڈرونز نے شجاعیہ اور التفاح میں شدید فائرنگ کی، خان یونس اور رفح کے المواصی علاقے میں بے گھر افراد کے خیموں پر گولیاں چلائی گئیں، جبکہ خان یونس کے مشرقی علاقوں اور رفح پر توپ خانے سے گولہ باری کی گئی۔
غزہ کے طبی ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں ایک ایسا زخمی بھی شامل ہے جو پہلے لگنے والے زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا، جبکہ 28 زخمیوں کو اسپتالوں میں لایا گیا۔ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک شہداء کی تعداد 74,377 اور زخمیوں کی تعداد 175,398 ہو گئی ہے۔ 11 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک 1,488 فلسطینی شہید اور 5,281 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ملبے سے 836 لاشیں نکالی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ‘زرد لائن’ وہ حد ہے جس تک گزشتہ سال جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی افواج پیچھے ہٹی تھیں، تاہم اتوار کو اس لائن کو مغرب کی جانب آگے بڑھائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ جنگ بندی کے ایک سال بعد بھی غزہ میں فضائی حملوں، گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس سے خیموں میں مقیم ہزاروں بے گھر خاندانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔