جنگ بندی کا ایک سال: غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، 5 فلسطینی شہید اور 4 مکانات تباہ

جنگ بندی کے بعد غزہ شہر کی تباہ حال گلیوں سے گزرتے شہری (فائل فوٹو، اکتوبر 2025)

اسلام 24/7 : غزہ میں جنگ بندی کو ایک سال مکمل ہونے کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کو غزہ شہر میں ڈرون حملوں میں 5 فلسطینی شہید ہو گئے، رات گئے فضائی حملوں میں 4 مکانات تباہ کر دیے گئے، جبکہ اتوار کی صبح فائرنگ سے ایک حاملہ خاتون سمیت 8 افراد زخمی ہوئے۔

ترک خبر رساں ادارے ‘انادولو’ اور ‘ٹی آر ٹی’ کے مطابق طبی ذرائع نے بتایا کہ غزہ شہر کے علاقے رمال میں حیدر چوک کے قریب ڈرون حملے میں 4 افراد شہید اور 5 زخمی ہوئے، جبکہ التفاح محلے میں ایک اور حملے میں ایک شخص شہید ہوا۔ رات کو اسرائیلی طیاروں نے شجاعیہ، الـ17 اور رمال میں تین اور دیر البلح میں ایک مکان کو نشانہ بنایا۔ مکینوں کو فون پر انخلا کا حکم دیا گیا تھا؛ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ اطراف کی درجنوں عمارتیں متاثر ہوئیں۔

مزید پڑھیں : ناوی پلے کے لیے نوبل انعام کا انتخاب عالمی جرائم کے احتساب کی علامت ہے، حماس

فلسطینی خبر رساں ایجنسی ‘وفا’ کے مطابق اتوار کو خان یونس میں اسرائیلی فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہوئے، جبکہ شجاعیہ چوک کے قریب بے گھر افراد کے خیموں پر فائرنگ سے ایک حاملہ خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔ اسرائیلی قابض افواج کی صلاح الدین سڑک کی جانب پیش قدمی کے بعد علاقے سے نقل مکانی کی نئی لہر شروع ہو گئی۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں اب تک 1,470 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ اکتوبر 2023 سے شہداء کی مجموعی تعداد 74,370 تک پہنچ گئی ہے۔

واضح رہے کہ مصر، قطر، ترکی اور امریکا کی ثالثی سے جنگ بندی 10 اکتوبر 2025 کو نافذ ہوئی تھی، جس میں مرحلہ وار اسرائیلی انخلا، امداد میں اضافے اور تعمیر نو کا وعدہ کیا گیا تھا۔ ایک سال بعد بھی غزہ کے تقریباً 21 لاکھ باشندوں کی اکثریت بے گھر ہے۔ اقوام متحدہ، یورپی یونین اور عالمی بینک کے مطابق غزہ کی تعمیر نو کے لیے دس برس میں 71.4 ارب ڈالر درکار ہیں، مگر بڑے پیمانے پر کام اب تک شروع نہیں ہو سکا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top