میناب اسکول حملے کا مقدمہ عالمی عدالتوں میں لے جائیں گے؛ نئی جارحیت کا جواب مختلف ہوگا، ایرانی نائب وزیر خارجہ

میناب کے تباہ شدہ شجرہ طیبہ اسکول میں ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی

اسلام 24/7 : ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی فوجی جارحیت کا جواب 40 روزہ اور 12 روزہ جنگوں میں دیے گئے جواب سے مختلف ہوگا۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو صوبہ ہرمزگان کے شہر میناب میں ‘شجرہ طیبہ’ پرائمری اسکول کے دورے کے موقع پر کہی، جو ایرانی حکام کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کے پہلے ہی روز حملے کا نشانہ بنا تھا۔

خبر رساں ایجنسیوں ‘تسنیم’ اور ‘مہر’ کے مطابق غریب آبادی نے اسکول کے شہداء کے قبرستان پر حاضری دی، حملے کی جگہ کا معائنہ کیا اور شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں 168 افراد شہید ہوئے جن میں زیادہ تر طلبہ تھے، جبکہ کئی والدین اور اساتذہ بھی شہداء میں شامل ہیں، اور یہ سانحہ میناب سمیت پورے ایران کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔

مزید پڑھیں : میناب اسکول حملہ، ایران نے امریکی مؤقف مسترد کرتے ہوئے واقعے کو جنگی جرم قرار دے دیا

نائب وزیر خارجہ نے بتایا کہ حملے سے متعلق شواہد جمع کر لیے گئے ہیں، ملک کے اندر اس کا عدالتی مقدمہ سماعت کے مرحلے میں ہے، اور تہران میں متعلقہ اداروں پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو کئی ممالک کی عدالتوں میں دعوے دائر کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ان کے مطابق بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت مسلح تنازعات میں اسکولوں، تعلیمی مراکز اور اسپتالوں کو تحفظ حاصل ہے اور ان پر حملہ ان قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مسعود پزشکیان نے اس معاملے کی قانونی پیروی پر خصوصی زور دیا ہے اور بعض غیر ملکی ممالک بھی اس سلسلے میں قانونی کوششوں میں شریک ہیں۔

غریب آبادی نے صوبہ فارس کے شہر لامرد میں کھیلوں کے اسٹیڈیم پر حملے کو بھی جنگی جرم قرار دیا اور کہا کہ اس واقعے کی قانونی پیروی بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ آبنائے ہرمز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ اسٹریٹجک آبی گزرگاہ ایرانی شناخت کی علامت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے گزشتہ دو صدیوں میں کوئی جنگ شروع نہیں کی لیکن ہمیشہ جارحین کے سامنے ڈٹ کر کھڑا رہا ہے، اور امید ظاہر کی کہ مخالف فریق عقل سے کام لے کر نئی جنگ سے گریز کرے گا۔

واضح رہے کہ ایرانی میڈیا کے مطابق 28 فروری 2026 کو ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے ابتدائی گھنٹوں میں میناب کے شجرہ طیبہ اسکول کو تین مرتبہ میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ ہرمزگان کے اس دورے میں قطر کے ‘العربی’ چینل، چینی اور روسی ذرائع ابلاغ اور ‘پریس ٹی وی’ کے نمائندے بھی نائب وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں، جبکہ ان کے پروگرام میں ضلع سیریک کے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی شامل ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top