اسلام 24/7 : یمنی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر انیس الاصبحی نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن پر سعودی حملوں میں 51 افراد شہید یا زخمی ہوئے، جن میں 21 شہداء شامل ہیں۔ یمنی ٹی وی ‘المسیرہ’ سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ حالیہ کشیدگی کے آغاز سے 21 اکتوبر تک سعودی حملوں میں 193 افراد شہید اور 468 زخمی ہو چکے ہیں۔
الاصبحی کے مطابق شہداء میں 62 بچے اور 24 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 122 بچے اور 59 خواتین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین میں خواتین اور بچوں کا تناسب 60 فیصد سے زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں : صنعاء میں گھر اور سیمنٹ فیکٹری پر سعودی فضائی حملے، خاتون اور بچی سمیت کم از کم 10 شہری شہید، 11 زخمی
‘المسیرہ’ کے مطابق صوبہ الحدیدہ کے ضلع التحیتا میں شہری عبدالواحد الوصابی کے گھر پر حملے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد شہید ہو گئے۔ ‘عین الانسانیہ سینٹر’ کے مطابق شہداء میں والد، ان کی دو بیویاں اور دو بچے شامل ہیں، جبکہ ایک بیٹی زخمی ہوئی۔ صوبہ حجہ کے علاقے المحجم میں سعودی بمباری سے ایک بچی شہید اور ایک خاتون زخمی ہو گئی۔
‘عین الانسانیہ سینٹر’ نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں صنعاء، الحدیدہ اور صعدہ میں سعودی حملوں میں 69 شہری شہید یا زخمی ہوئے، جن میں 27 شہداء اور 42 زخمی ہیں اور ان میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
واضح رہے کہ الاصبحی کے مطابق تعز کے ضلع المسراخ میں بلعم ہیلتھ سینٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے، جو تقریباً 20,000 افراد کو طبی سہولیات فراہم کرتا تھا۔