سپاہ پاسداران کا عراق کے بالیسان میں دہشت گرد گروہ ‘کوملہ’ کے ہیڈکوارٹر پر ڈرون حملہ، نمایاں جانی و مالی نقصان

سپاہ پاسداران کی عسکری کارروائی کا ایک منظر

اسلام 24/7 : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی زمینی فوج نے عراق کے علاقے بالیسان میں علیحدگی پسند دہشت گرد گروہ ‘کوملہ’ کے ہیڈکوارٹر کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘مہر’ کے مطابق یہ کارروائی رات کے وقت پیشگی جارحانہ اقدامات کے فریم ورک میں کی گئی۔

‘مہر’ کے مطابق ابتدائی جائزے میں اس کارروائی سے گروہ کے ڈھانچے اور آپریشنل صلاحیت کو نمایاں نقصان پہنچا اور جانی نقصان بھی ہوا، تاہم ہلاکتوں کی تعداد جاری نہیں کی گئی۔ یہ کارروائی ایک روز قبل سپاہ پاسداران کی جانب سے دہشت گرد گروہ ‘پژاک’ کے تربیتی مرکز پر حملے کے بعد کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں : سپاہ پاسداران کا دہشت گرد گروہ ‘پژاک’ کے تربیتی مرکز پر حملہ؛ کرمانشاہ میں 2 جاسوس اسلحہ اور اسٹارلنک آلات سمیت گرفتار

ادھر یمنی ٹی وی ‘المسیرہ’ کے مطابق سپاہ پاسداران کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے ہفتے کو کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ جارحیت کے اثرات ایران سے باہر تک جائیں گے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ایران اس ’’فیصلہ کن جنگ‘‘ میں ’’مکمل فتح‘‘ حاصل کرے گا۔

جنرل محبی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ایران کا تصادم صرف فوجی میدان تک محدود نہیں بلکہ اس میں شناخت، ثقافت، دین اور ایرانی اسلامی تہذیب کے سوالات شامل ہیں۔ ان کے مطابق ’’ملک کی علاقائی سالمیت اور قومی و دینی شناخت کا تحفظ آج ایرانی قوم کی اہم ترین ذمہ داریوں میں سے ہے۔‘‘

واضح رہے کہ لبنانی ٹی وی ‘المنار’ کے مطابق سپاہ پاسداران کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ دشمن کی کسی بھی کارروائی کا، چاہے محدود ہی ہو، جواب کئی گنا ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top