غزہ میں اسلامی یونیورسٹی کے احاطے میں طلبہ پر اسرائیلی ڈرون حملہ، متعدد زخمی؛ خان یونس میں ایک فلسطینی شہید

غزہ کی اسلامی یونیورسٹی میں اسرائیلی ڈرون حملے کے بعد تباہ شدہ گاڑیاں

اسلام 24/7 : غزہ شہر میں اسرائیلی ڈرون نے اتوار کو اسلامی یونیورسٹی کے احاطے میں جمع شہریوں کو نشانہ بنایا، جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے اور بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ لبنانی ٹی وی ‘المنار’ کے نامہ نگار نے یہ اطلاع دی، جبکہ فلسطینی خبر رساں ایجنسی ‘وفا’ کے مطابق یونیورسٹی کے اندر طلبہ کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا گیا۔

‘وفا’ کے مطابق اتوار کو خان یونس کے علاقے المواصی پر اسرائیلی حملے میں ایک فلسطینی شہید اور پانچ زخمی ہوئے۔ غزہ شہر کے شمال مغرب میں حمد ہسپتال کے قریب شہریوں کے اجتماع پر ڈرون حملے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے، جبکہ شمالی غزہ میں الرشید ساحلی سڑک پر ایک اور ڈرون حملے میں کئی افراد زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں : غزہ کی منڈیاں سبزیوں اور پھلوں سے خالی، پیاز 3 گنا اور آٹے کا تھیلا دگنا مہنگا؛ شہداء کی تعداد 74,540 ہو گئی

‘فلسطین انفارمیشن سینٹر’ کے مطابق ہفتے کو بھی اسرائیلی حملوں میں دو خواتین سمیت چار فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ ایک زخمی دم توڑ گیا۔ بیت لاہیا کے علاقے تل الذہب میں ایک کم سن بچی، غزہ شہر کے فلسطین اسٹیڈیم کے قریب ایک شہری، خان یونس کیمپ کے الزہرا اسکول میں ایک خاتون اور دیر البلح میں ایک شہری کو شہید کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق شجاعیہ چوک کے قریب دو رہائشی گھروں پر اسرائیلی ٹینکوں کی گولہ باری سے متعدد شہری زخمی ہوئے، جبکہ بیت لاہیا اور جبالیا کیمپ میں دو خواتین اسرائیلی فائرنگ سے زخمی ہوئیں۔

واضح رہے کہ ‘وفا’ کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک کم از کم 74,540 فلسطینی شہید اور 175,500 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top