اسلام 24/7 : اسرائیلی قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں جمعہ کی رات اور ہفتے کی صبح ایک بڑی فوجی کارروائی شروع کر دی، جس میں گھروں پر چھاپے مارے گئے، فلسطینی شہریوں کو بےگھر کیا گیا اور پورے شہر پر پابندیاں عائد کر دی گئیں۔ ‘فلسطین انفارمیشن سینٹر’ کے مطابق یہ کارروائی کئی دن جاری رہ سکتی ہے۔
یہ کارروائی جمعہ کو الخلیل کے شمال میں ہونے والی فائرنگ کے بعد شروع ہوئی، جس میں ‘فلسطین انفارمیشن سینٹر’ اور لبنانی ٹی وی ‘المنار’ کے مطابق دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں : الخلیل میں اسرائیلی چیک پوسٹ پر فائرنگ، 2 اسرائیلی فوجی ہلاک؛ ابو عبیدہ کا خراج تحسین، شہر کا محاصرہ
مقامی ذرائع کے مطابق بلڈوزروں کے ساتھ بڑی تعداد میں اسرائیلی فوجی شہر کے کئی محلوں میں داخل ہوئے، متعدد گھروں پر چھاپے مارے اور ڈھانچے مسمار کیے۔ قابض فوج نے جلدہ کے علاقے میں کئی خاندانوں کو گھر خالی کرنے پر مجبور کیا اور شہر کے مرکزی راستے بند کر دیے۔ ‘المنار’ کے مطابق عین دیر بحا اور اطراف میں سینکڑوں خاندانوں کو پیدل گھر چھوڑنے کا حکم دیا گیا۔
حماس نے اپنے بیان میں الخلیل کی کارروائی کو فلسطینی عوام کے خلاف ’’مجرمانہ جارحیت‘‘ کا تسلسل قرار دیا اور کہا کہ ’’قابض فوج کی مہمات اور اس کے مجرم آبادکاروں کی کارروائیاں ہمارے عوام میں مزید غصہ اور مزاحمت کے راستے سے مضبوط تر وابستگی ہی پیدا کریں گی۔‘‘
واضح رہے کہ ‘فلسطین انفارمیشن سینٹر’ کے مطابق ہفتے کو آبادکاروں نے الخلیل کے مغرب میں خربہ صوبا میں فلسطینی کسانوں اور مزدوروں پر حملہ کیا۔