اسلام 24/7 : لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے کہا ہے کہ لبنان کا سرکاری مؤقف اقوام متحدہ کی امن فوج ‘یونیفیل’ کی موجودگی اور قرارداد 1701 پر عمل درآمد کے لیے اس کے مشن کو برقرار رکھنے پر متحد ہے۔
لبنانی ٹی وی ‘المنار’ کے مطابق نبیہ بری نے کہا کہ اس سلسلے میں لبنان میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے اور عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی جانب لبنانی پارلیمانی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لبنان اپنے خودمختار حقوق کے تحفظ، سرحدوں کی حفاظت اور اپنی سرزمین کے آخری ذرے کو بھی اسرائیلی قبضے سے آزاد کرانے کے لیے ہر سطح پر کوششیں جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں : حزب اللہ کا بے گھر خاندانوں کے لیے رہائشی منصوبے کا اعلان، 14 ہزار ڈالر تک امداد دی جائے گی، شیخ علی دعموش
‘المنار’ کے مطابق اسپیکر بری نے 20 اکتوبر بروز منگل پارلیمنٹ کا عام اجلاس بھی طلب کر لیا ہے، جس میں دو سیکرٹریوں، تین کمشنروں اور پارلیمانی کمیٹیوں کے ارکان کا انتخاب کیا جائے گا۔
نبیہ بری اس سے پہلے بھی خبردار کر چکے ہیں کہ اقوام متحدہ کی چھتری تلے کوئی متبادل تلاش کیے بغیر یونیفیل کی مدت ختم ہونا بین الاقوامی قانونی حیثیت اور قرارداد 1701 کو نشانہ بنانے کے مترادف ہوگا۔ لبنانی ذرائع ابلاغ کے مطابق 8 اکتوبر کو یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کایا کالاس سے ملاقات میں انہوں نے اسے ’’خطا‘‘ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اسرائیل نے قرارداد 425 سے لے کر 1701، نومبر 2024 کے معاہدے اور سہ فریقی فریم ورک معاہدے تک کسی بھی معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔
واضح رہے کہ جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے روزانہ جاری ہیں، اور لبنانی وزارت صحت کے مطابق 2 مارچ سے اب تک 4,389 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔