اسلام 24/7 : یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے منگل کو سعودی عرب کی جانب کسی بھی کارروائی کی تردید کرتے ہوئے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کے سعودی دعوے کو ’’سفید جھوٹ‘‘ قرار دیا ہے۔ لبنانی ٹی وی ‘المنار’ کے مطابق انہوں نے کہا کہ یمنی افواج نے منگل کو سعودی عرب کی جانب کوئی آپریشن نہیں کیا۔
یحییٰ سریع نے کہا کہ میدان جنگ میں شکستوں نے ریاض کو اسرائیلی مداخلت کی درخواست پر مجبور کر دیا ہے اور اس طرح کے جھوٹے دعوے اسی مقصد کے لیے گھڑے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یمنی عوام مقدس مقامات کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھتے ہیں۔
یمنی خبر رساں ایجنسی ‘سبا’ کے مطابق منگل کی شام سعودی طیاروں نے تعز کے ضلع حیفان کے علاقے جشع میں ایک مسجد کو نشانہ بنایا۔ ‘المسیرہ’ کے مطابق یمن کے قومی انسانی حقوق کمیشن نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنیوا کنونشنز اور رومن اسٹیچیوٹ کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
‘المسیرہ’ کے مطابق یمنی محکمہ اوقاف نے کہا کہ جارحیت کے دوران 2,000 سے زائد مساجد کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ صنعاء کے نائب گورنر حمید عاصم نے کہا کہ مساجد اور شہری مقامات پر حملے سعودی عرب کے جھوٹے دعووں کا پردہ چاک کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ صنعاء نے بارہا کہا ہے کہ اس کی کارروائیاں صرف فوجی اہداف تک محدود ہیں جبکہ سعودی جارحیت کا نشانہ یمنی بازار، کارخانے اور مساجد بن رہے ہیں۔