اسلام 24/7 : ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز جنگ سے پہلے والی حالت میں واپس نہیں جائے گی، کیونکہ جنگ نے زمینی حالات بنیادی طور پر بدل دیے ہیں۔ لبنانی ٹی وی ‘المنار’ نے ایرانی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے یہ بیان شائع کیا۔
عراقچی کے مطابق دہائیوں تک آبنائے کھلی رہی اور ایران اور عمان نے کبھی آمدورفت میں رکاوٹ نہیں ڈالی مگر موجودہ جنگ نے ’’سب کچھ بدل دیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا فریق اگر عقل رکھتا ہے تو ایرانی عوام پر ایک اور حملے سے باز رہے، کیونکہ نتائج پہلے جیسے ہی ہوں گے۔
مزید پڑھیں : آبنائے ہرمز میں 45 لاکھ بیرل تیل لے جانے والے 2 غیر مجاز سپر ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، سپاہ پاسداران
ادھر ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘مہر’ کے مطابق ایک باخبر ذریعے نے سعودی چینل ‘العربیہ’ کی اس رپورٹ کو ’’جھوٹ‘‘ قرار دیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران نے امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کے بدلے آبنائے ہرمز کھولنے کی پیشکش کی ہے۔ ذریعے کے مطابق ’’ایران آبنائے ہرمز کے بدلے ناکہ بندی کی مساوات پر مبنی کوئی انتظام قبول نہیں کرتا۔‘‘
ذریعے نے بتایا کہ آبنائے کھولنے کے لیے ایران کی شرائط پر مشتمل سات روزہ منصوبہ پہلے ہی ثالثوں کے ذریعے امریکی فریق تک پہنچایا جا چکا ہے اور تمام مطالبات پورے ہونے تک آبنائے کی صورتحال نہیں بدلے گی۔
واضح رہے کہ ‘مہر’ کے مطابق عراقچی نے اتوار کو ایک تقریب سے خطاب میں یہ بھی کہا کہ خطے کی سلامتی خطے کے ممالک کو ہی فراہم کرنی چاہیے اور غیر ملکی افواج کی موجودگی صفر تک لائی جانی چاہیے۔