غزہ کی منڈیاں سبزیوں اور پھلوں سے خالی، پیاز 3 گنا اور آٹے کا تھیلا دگنا مہنگا؛ شہداء کی تعداد 74,540 ہو گئی

غزہ کی ایک منڈی میں سبزی فروش

اسلام 24/7 : غزہ کی پٹی میں گزرگاہوں کی بندش کے باعث منڈیوں سے سبزیاں اور پھل غائب ہونے لگے ہیں، قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ ‘فلسطین انفارمیشن سینٹر’ کے مطابق جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کی منڈیوں میں بیشتر اسٹال تقریباً خالی نظر آتے ہیں۔

خان یونس میں بےگھر شہری ابو عبداللہ داؤد نے بتایا کہ ایک کلو پیاز جو پہلے تقریباً 5 شیکل میں ملتا تھا، اب 15 شیکل تک پہنچ گیا ہے بلکہ 20 شیکل میں بھی بک رہا ہے۔ ان کے مطابق آٹے کا تھیلا گزشتہ ہفتے کے تقریباً 70 شیکل سے بڑھ کر 150 شیکل کا ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں : غزہ میں دوبارہ قحط کا خطرہ: 17 میں سے 10 بیکریاں آٹا نہ ملنے سے بند، 10 دن سے آٹے کی کوئی کھیپ داخل نہیں ہوئی

سبزی فروش منیر الفقاوی کے مطابق قلت کی وجہ گزرگاہوں کی بندش ہے۔ بےگھر خاتون سلویٰ بکر کے مطابق سیب، کیلے اور آم بازاروں سے غائب ہو چکے ہیں اور انہیں دوبارہ قحط کا خوف ہے۔

دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت نے ہفتے کو بتایا کہ اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں شہداء کی تعداد 74,540 اور زخمیوں کی تعداد 175,678 ہو گئی ہے۔ وزارت کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک 1,547 فلسطینی شہید اور 5,559 زخمی ہو چکے ہیں۔ لبنانی ٹی وی ‘المنار’ کے مطابق ہفتے کو غزہ شہر کے علاقے تل الذہب میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک بچی شہید ہو گئی۔

واضح رہے کہ ‘فلسطین انفارمیشن سینٹر’ کے مطابق جولائی کے ایک عالمی تجزیے میں غزہ کے 14 لاکھ سے زائد افراد کے شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top