اسلام 24/7 : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک پیشگی کارروائی میں علیحدگی پسند دہشت گرد گروہ ‘پژاک’ کے اہم ترین اجتماعی اور تربیتی مراکز میں سے ایک کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘مہر’ کے مطابق یہ کارروائی انٹیلی جنس نگرانی اور دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر آپریشنل نظر رکھنے کے بعد کی گئی۔
‘مہر’ کے مطابق نشانہ بننے والا مقام اس گروہ کے اہم اجلاسوں اور تربیتی پروگراموں کا مرکز تھا۔ سپاہ پاسداران کی جانب سے کارروائی کے مقام یا جانی نقصان کی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔
مزید پڑھیں : دشمن نے ذرا سی بھی حرکت کی تو پھر شکست کھائے گا، ایران خشکی، سمندر اور فضا میں مکمل تیار ہے، سپاہ پاسداران
دوسری جانب ایرانی وزارت انٹیلی جنس نے سپاہ پاسداران کی زمینی فوج کے تعاون سے مغربی صوبہ کرمانشاہ میں غیر ملکی جاسوسی اداروں سے وابستہ دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے 10 ‘اسٹارلنک’ آلات، 10 کلاشنکوف رائفلیں، اور پستول اور جی تھری رائفلوں کی 5,200 گولیاں برآمد کیں۔ لبنانی ٹی وی ‘المنار’ نے بھی ایرانی وزارت انٹیلی جنس کے حوالے سے دشمن خفیہ اداروں کے دو ایجنٹوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ ‘مہر’ کے مطابق یہ کارروائیاں غیر ملکی جاسوسی اداروں سے وابستہ افراد کی نشاندہی اور ایران کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے جاری انٹیلی جنس کوششوں کا حصہ ہیں۔