اسلام 24/7 : یمن کے شمالی صوبہ صعدہ کے ضلع سحار میں ایک رہائشی گھر پر سعودی فضائی حملے میں 10 شہری شہید اور 23 زخمی ہو گئے ہیں۔ یمنی وزارت صحت و ماحولیات کے مطابق شہداء میں سات بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ کئی زخمی بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
یمنی ٹی وی ‘المسیرہ’ کے مطابق وزارت صحت نے بتایا کہ سعودی طیاروں نے شہری ‘علی القحم’ کے گھر کو نشانہ بنایا۔ وزارت کے مطابق 23 زخمیوں میں 12 بچے اور 10 خواتین شامل ہیں اور 12 بچوں کی حالت نازک ہے۔ لبنانی ٹی وی ‘المنار’ نے اتوار کی سہ پہر یمنی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے ابتدائی طور پر 9 شہداء اور 11 زخمیوں کی خبر دی تھی، جس کے بعد ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
مزید پڑھیں : تعز کے ضلع مقبنہ میں گھروں پر سعودی بمباری، خاتون اور بچی سمیت 9 شہری شہید، 16 زخمی؛ 24 گھنٹوں میں 53 حملے
یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سعودی جنگی طیاروں نے دارالحکومت صنعاء اور متعدد صوبوں پر 65 فضائی اور میزائل حملے کیے، جن میں 30 سے زائد افراد جاں بحق یا زخمی ہوئے اور ان میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ ان کے مطابق حملوں میں صنعاء، الحدیدہ، تعز، عمران، حجہ، صعدہ، الجوف، الضالع اور مأرب کے شہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
یحییٰ سریع کے مطابق ان حملوں میں حصہ لینے والے ‘ایف 15’ اور ‘ٹائفون’ لڑاکا طیاروں نے خمیس مشیط اور طائف کے فضائی اڈوں سے اڑان بھری، جبکہ میزائل حملے جازان سے کیے گئے۔ یمنی فوج کا کہنا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے آغاز سے اب تک یمن پر سعودی فضائی اور میزائل حملوں کی مجموعی تعداد 2,652 تک پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ ‘المسیرہ’ کے مطابق صعدہ کا تازہ حملہ اس سعودی فوجی مہم کا حصہ ہے جس میں شہری گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور سرحد پار کشیدگی کے ساتھ عام شہریوں کی ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے اس حملے پر تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔