اسلام 24/7 : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والا ایک آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کے انجن روم میں دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔ یہ اعلان پیر کی صبح سویرے سپاہ بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کیا گیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے ‘مہر’ کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ٹینکر آبنائے ہرمز سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہا تھا اور اس نے سفر کے آغاز سے ہی اپنا پوزیشننگ اور نیوی گیشن کا پورا نظام بند کر رکھا تھا۔ بیان کے مطابق جہاز آبنائے کے ضوابط کو نظرانداز کرتے ہوئے غیر مجاز جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس حادثے کا شکار ہو گیا۔
مزید پڑھیں : آبنائے ہرمز میں دوسرا سپر ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا کر شعلوں میں گھر گیا، متاثرہ جہاز بڑھ رہے ہیں، ایرانی بحریہ
سپاہ پاسداران کی بحریہ نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس میں جو بھی جہاز اپنے نیوی گیشن اور شناختی نظام بند کرے گا اس کے ساتھ ’’سختی اور فیصلہ کن انداز میں‘‘ نمٹا جائے گا۔ لبنانی ٹی وی ‘المنار’ نے بھی ایرانی ٹی وی ‘پریس ٹی وی’ کے حوالے سے یہ بیان نشر کیا، جبکہ ترک خبر رساں ادارے ‘اناطولیہ’ نے بھی سپاہ پاسداران کے حوالے سے ٹینکر کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے اور آگ لگنے کی خبر دی ہے۔ بیان میں ٹینکر کے نام، اس کے پرچم یا عملے کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں دی گئی۔
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اتوار کو بغداد میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر کہا تھا کہ امریکا ایران کی شرائط تسلیم کر لے تو آبنائے ہرمز دوبارہ کھول دی جائے گی۔ ‘مہر’ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایران کی شرائط بالکل واضح ہیں اور سات نکاتی منصوبے کی صورت میں امریکی فریق کے سامنے رکھی جا چکی ہیں۔
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران کی بحریہ اس سے قبل گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دو سپر ٹینکروں اور 2,500 سے زائد کنٹینرز والے ایک تجارتی جہاز کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کا اعلان کر چکی ہے۔ ایران کا مؤقف ہے کہ آبنائے ہرمز میں عدم تحفظ کی ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کی جارحیت ہے اور ایرانی قوم کے حقوق تسلیم ہونے تک اس آبی گزرگاہ پر پابندیاں برقرار رہیں گی۔