ایران کو جارح کہنا مظلوم اور جارح کو الٹ دینے کی بھونڈی کوشش ہے، برطانیہ اپنا تباہ کن کردار نہیں چھپا سکتا، بقائی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی

اسلام 24/7 : ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ کی جانب سے ایران کے دفاعی اقدامات کو ‘جارحیت’ قرار دینے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی حکومت الزام دوسروں پر ڈال کر مغربی ایشیا میں بدامنی پھیلانے کا اپنا تباہ کن کردار نہیں چھپا سکتی۔

ایرانی خبر رساں ادارے ‘مہر’ کے مطابق بقائی نے جمعرات کی رات ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا: ’’ہمارے خطے کو لپیٹ میں لینے والی افراتفری غیر قانونی مداخلتوں کا نتیجہ ہے، جن میں وہ مداخلتیں بھی شامل ہیں جن کی برطانیہ نے حمایت کی یا ان میں حصہ ڈالا‘‘۔

مزید پڑھیں : فیئر فورڈ الزامات: ایران نے برطانوی سفیر کو طلب کر لیا، ثبوت نہ ملے تو دوطرفہ تعلقات پر نظرثانی کا انتباہ

ایرانی ترجمان نے کہا کہ صرف نو ماہ میں ایران کے خلاف دو مرتبہ غیر قانونی جارحیت کے بعد، جبکہ ایران مذاکرات میں مصروف تھا، برطانوی وزیر خارجہ کا ایران کو ‘جارح’ کے طور پر پیش کرنا ’’مظلوم اور جارح کو الٹ دینے کی بھونڈی کوشش‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ’’ایران کے خلاف برطانیہ کی معاندانہ مہمات کے طویل ریکارڈ میں ایک اور پستی ہے‘‘۔

بقائی نے کہا: ’’یہ اتنا ہی مضحکہ خیز ہے جتنا نازی جرمنی کو ‘امن کا محافظ’ اور دوسری عالمی جنگ میں برطانیہ اور اس کے اتحادیوں کو جارح قرار دینا‘‘۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران اور برطانیہ کے درمیان کشیدگی بڑھی ہے۔ برطانیہ کے فیئر فورڈ فضائی اڈے سے متعلق الزامات پر ایران نے برطانوی سفیر کو طلب کر کے کہا تھا کہ اگر ثبوت پیش نہ کیے گئے تو دوطرفہ تعلقات پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top