کولمبیا کے مقبوضہ القدس میں سفارتخانہ کھولنے کی مذمت: حماس، او آئی سی، عرب لیگ اور قطر کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

مقبوضہ بیت المقدس میں کولمبیا کے سفارتخانے کا داخلی دروازہ

اسلام 24/7 : اسلامی مزاحمتی تحریک حماس، اسلامی تعاون تنظیم، عرب لیگ اور قطر سمیت کئی ممالک نے کولمبیا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتخانہ کھولنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ‘ابنا’ کے مطابق حماس نے بیان میں کہا کہ القدس مقبوضہ فلسطینی سرزمین ہے اور وہاں سفارتخانہ کھولنا فلسطینی عوام کے حقوق کی براہ راست خلاف ورزی ہے۔ حماس نے کولمبیا کی نئی حکومت پر تنقید کی کہ اس نے سابق صدر گستاوو پیٹرو کا مؤقف ترک کر دیا، جنہوں نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی وجہ سے اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے۔ ‘ابنا’ کے مطابق سفارتخانے کا افتتاح ایک روز قبل کولمبیا اور اسرائیل کے وزرائے خارجہ کی موجودگی میں ہوا۔

مزید پڑھیں : فلسطینی آزادی کا راستہ عوام کی استقامت اور مزاحمت میں ہے، غزہ کے سابق مفتی اعظم سے ملاقات میں علامہ جواد نقوی

فلسطینی خبر رساں ادارے ‘وفا’ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد نے بیان میں کہا کہ یہ اقدام سلامتی کونسل کی قرارداد 478 کی خلاف ورزی ہے، جس میں ممالک سے القدس سے اپنے سفارتی مشن واپس بلانے کا کہا گیا تھا۔ انہوں نے کولمبیا کے وزیر خارجہ کو خط لکھ کر فیصلہ واپس لینے کی اپیل کی اور خبردار کیا کہ اس کے عالم اسلام کے ساتھ کولمبیا کے تعلقات پر دور رس اثرات ہو سکتے ہیں۔

‘وفا’ کے مطابق عرب لیگ نے کہا کہ یہ اقدام مشرقی القدس کی قانونی اور سیاسی حیثیت کو نظرانداز کرتا ہے، اور مشرقی القدس فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہے۔ فلسطینی نائب صدر حسین الشیخ نے بھی اس اقدام کی مذمت کی۔ ایرانی خبر رساں ادارے ‘مہر’ کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ نے القدس کی قانونی اور تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کے ہر اقدام کو مسترد کر دیا، جبکہ ‘وفا’ کے مطابق مصر، کویت اور الجزائر نے بھی اس فیصلے کی مذمت کی۔

واضح رہے کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 کے مطابق 4 جون 1967 کی سرحدوں میں القدس سمیت کسی تبدیلی کو تسلیم نہیں کیا جائے گا، سوائے اس کے جس پر فریقین مذاکرات کے ذریعے متفق ہوں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top