اسلام 24/7 : غزہ کے سابق مفتی اعظم ڈاکٹر محمود یوسف محمد الشوبکی نے لاہور میں جامعہ عروۃ الوثقیٰ کا دورہ کیا اور علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات کی، جس میں فلسطین اور غزہ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ‘ابنا’ کے مطابق ملاقات میں فلسطین اور غزہ کے جاری بحران، اسرائیلی قبضے کی کارروائیوں، فلسطینی عوام کی قربانیوں اور مزاحمتی تحریک کی استقامت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں علما نے خواتین اور بچوں سمیت عام شہریوں کے قتل، اندھا دھند بمباری اور فلسطینی سرزمین پر مسلسل قبضے کی مذمت کی اور انہیں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم قرار دیا۔
مزید پڑھیں : جیکب آباد میں یمنی عوام سے یکجہتی کے لیے ریلی، یمن کا مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے، علامہ مقصود علی ڈومکی
ڈاکٹر الشوبکی نے فلسطینی عوام اور مزاحمت کی حمایت میں جامعہ عروۃ الوثقیٰ کی علمی، فکری، ابلاغی اور عوامی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر علامہ جواد نقوی کی ان کوششوں کی تعریف کی جن کے ذریعے وہ اپنی تقاریر اور بیانات میں مسئلہ فلسطین کو عوامی توجہ کا مرکز بنائے رکھتے ہیں اور غزہ کے عوام کی مشکلات کو اجاگر کرتے ہیں۔
اس موقع پر علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ فلسطین کی آزادی، غزہ کے وقار کی بحالی اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے کا راستہ فلسطینی عوام کی استقامت اور حماس سمیت مزاحمتی تحریک کی مسلسل جدوجہد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی، مقبوضہ سرزمین کی واپسی اور حقوق کی بحالی کے لیے فلسطینی عوام کی جدوجہد میں مزاحمت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
ملاقات کے شرکا نے ان مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج کی ضرورت پر زور دیا اور اسرائیلی قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ واضح رہے کہ غزہ میں اکتوبر 2025 کی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں اور 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔