غزہ شہر کے علاقے الرمال میں رہائشی فلیٹ پر اسرائیلی حملہ، خاتون شہید؛ غزہ رہنے کے قابل نہیں رہا، انروا

غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کی بستی

اسلام 24/7 : غزہ شہر کے مغربی علاقے الرمال میں بدھ کو ابو طلال چوک کے قریب ایک رہائشی فلیٹ پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک فلسطینی خاتون شہید اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی ‘انروا’ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ رہنے کے لیے تیزی سے ناممکن جگہ بنتا جا رہا ہے۔

فلسطینی خبر رساں ادارے ‘وفا’ کے مطابق مقامی ذرائع نے خان یونس کے مشرق میں ایک دھماکے کے ساتھ اسرائیلی فوج کی شدید گولہ باری کی آواز سنی۔ ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجی گاڑیوں نے وسطی غزہ میں دیر البلح کے مشرق اور خان یونس کے جنوب میں بھی شدید فائرنگ کی۔

مزید پڑھیں : جنگ بندی کے دوران غزہ میں 1,076 فلسطینیوں کے قتل کی تصدیق، 268 بچے بھی شامل، اقوام متحدہ

‘وفا’ کے مطابق منگل کو غزہ شہر کے مشرق میں التفاح محلے میں ایک گاڑی پر اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوئے تھے۔ طبی ذرائع کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں شہداء کی تعداد 74,389 اور زخمیوں کی تعداد 175,423 ہو گئی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ‘ابنا’ کے مطابق ‘انروا’ کے ڈائریکٹر صحت اکیہیرو سیتا نے جاپانی خبر رساں ادارے ‘جیجی پریس’ کو انٹرویو میں کہا کہ غزہ کا رہائشی ماحول تباہ ہو چکا ہے اور 10 اکتوبر 2025 کو نافذ ہونے والی جنگ بندی سے جنگ کے اثرات ختم نہیں ہوئے، بلکہ انسانی اور طبی حالات مسلسل بگڑ رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ کے تقریباً 70 فیصد رقبے پر قابض ہے، جس کی وجہ سے تقریباً 20 لاکھ فلسطینی باقی علاقوں میں محدود ہو گئے ہیں اور ان کی اکثریت بنیادی سہولتوں سے محروم خیموں میں رہ رہی ہے۔ طبی سامان کی کمی اور اس کی ترسیل پر پابندیوں سے جلدی اور دیگر متعدی بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق دفتر نے حال ہی میں جنگ بندی کے دوران غزہ میں 1,076 فلسطینیوں کے قتل کی تصدیق کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top