اسلام 24/7 : یمن کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے منگل کی صبح صوبہ صعدہ کی فضا میں سعودی فضائیہ کا ‘ونگ لونگ 2’ قسم کا مسلح جاسوس ڈرون مار گرایا۔ یمنی فوج نے ریاض کے شاہ خالد ایئرپورٹ کو ایک نئے بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
یمنی ٹی وی ‘المسیرہ’ کے مطابق مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے بیان میں کہا کہ یہ ڈرون صعدہ کی فضا میں معاندانہ مشن انجام دے رہا تھا، جسے مناسب ہتھیار سے نشانہ بنایا گیا۔ ‘المسیرہ’ کے مطابق ‘ونگ لونگ 2’ چینی ساختہ جدید مسلح ڈرون ہے جو نگرانی، جاسوسی اور حملوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں : یمنی فوج کا ریاض اور دمام ایئرپورٹس اور آرامکو تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ؛ ریاض ایئرپورٹ پر ایک پاکستانی جاں بحق
ایرانی خبر رساں ادارے ‘مہر’ کے مطابق یحییٰ سریع نے ایک الگ بیان میں کہا کہ شاہ خالد بین الاقوامی ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل حملہ براہ راست اور درست نشانے پر لگا۔ ان دعووں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
یمنی ترجمان نے بین الاقوامی ایئرلائنز، عملے اور مسافروں کو ایک بار پھر خبردار کیا کہ وہ سعودی ہوائی اڈوں کا سفر نہ کریں، جنہیں انہوں نے غیر محفوظ قرار دیا۔ یہ انتباہ مکہ اور مدینہ سے متعلق ہوائی اڈوں اور فضائی حدود پر لاگو نہیں ہوتا۔ ‘المسیرہ’ کے مطابق یمنی وزارت خارجہ نے بھی مسلح افواج کے انتباہات کی توثیق کرتے ہوئے کمپنیوں سے ان پر عمل کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ سعودی حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ سلامتی اور استحکام سب کے لیے ہوگا یا کسی کے لیے نہیں۔
واضح رہے کہ 3 ستمبر سے یمن پر سعودی فضائی حملوں میں تیزی آئی ہے، جس کے جواب میں یمنی مسلح افواج سعودی ہوائی اڈوں اور آرامکو تنصیبات پر کارروائیوں کا اعلان کر رہی ہیں۔