اسلام 24/7 : غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ اتوار کی شام خان یونس کے مغرب میں ایک فضائی حملے میں چار فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے، جبکہ پیر کی صبح رفح میں ڈرون حملے میں ایک اور فلسطینی شہید ہو گیا۔
فلسطینی خبر رساں ادارے ‘وفا’ کے مطابق اتوار کی شام اسرائیلی طیاروں نے خان یونس کے مغرب میں البراق کے جنوبی علاقے میں ایک چارجنگ پوائنٹ کو نشانہ بنایا۔ پیر کی صبح ناصر میڈیکل کمپلیکس کے ذرائع نے بتایا کہ رفح کے علاقے المواصی میں شہریوں کے ایک گروپ پر ڈرون حملے میں ایک فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوئے۔
مزید پڑھیں : جنگ بندی کا ایک سال: غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، 5 فلسطینی شہید اور 4 مکانات تباہ
‘وفا’ کے مطابق شمالی غزہ میں اتوار کو ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے خالد عبدالفتاح جابر پیر کو زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہو گئے، جبکہ خان یونس کے مشرق میں ابو حمید چوک کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے ایک فلسطینی زخمی ہوا۔
طبی ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ کے اسپتالوں میں پانچ شہداء اور 18 زخمی لائے گئے۔ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک شہداء کی تعداد 74,382 اور زخمیوں کی تعداد 175,416 ہو گئی ہے۔ ان ذرائع کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے 1,493 فلسطینی شہید اور 5,299 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ملبے سے 836 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
واضح رہے کہ کئی متاثرین اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑے ہیں، کیونکہ طبی عملہ اور امدادی ٹیمیں ان تک نہیں پہنچ پا رہیں۔