جنوبی لبنان: اسرائیلی ٹینک کفرشوبا کی جانب بڑھ آئے، کفرتبنیت پر بمباری؛ جنگ کے باقیات سے مزید ہلاکتیں

کفرتبنیت پر اسرائیلی حملے کے بعد اٹھتا ہوا دھواں

اسلام 24/7 : جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے حملے پیر کو بھی جاری رہے، جہاں وادی الحجیر اور کفرتبنیت پر فضائی حملے کیے گئے، جبکہ دو مرکاوا ٹینک پیادہ فوج کے ہمراہ کفرشوبا کے مضافات تک بڑھ آئے۔ اسی دوران عین ابل میں جنگ کے دوران گرے دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے داخلی سلامتی فورسز کا ایک اہلکار جان سے گیا۔

لبنانی سرکاری خبر رساں ادارے ‘این این اے’ کے حوالے سے ‘المنار’ نے بتایا کہ یہ اہلکار عین ابل میں اپنی زمین پر زیتون کی فصل اتار رہا تھا کہ جنگ کا بچا ہوا دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔ رپورٹ کے مطابق اتوار کو یاطر اور فرون میں بھی اسی طرح کے دھماکوں میں دو افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں : جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں میں شدت، المنصوری سمیت کئی دیہات پر بمباری؛ بیروت پر جنگی طیاروں کی نچلی پروازیں

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے برعشیت، کفرتبنیت اور وادی السلوقی پر گولہ باری کی۔ دو مرکاوا ٹینک اور پیادہ دستے رویسات العلم کی چوکی سے کفرشوبا کے مضافات میں شمیس کے علاقے کی طرف بڑھے اور اس دوران مشین گنوں سے فائرنگ بھی کی گئی۔

ایرانی خبر رساں ادارے ‘مہر’ کے مطابق لبنانی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ 2 مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 4,387 افراد جاں بحق اور 12,424 زخمی ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں جنوبی لبنان کے متعدد دیہات پر اسرائیلی حملوں میں شدت آئی ہے، جبکہ لبنانی حکومت اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے فریم ورک معاہدے کے باوجود سرحدی علاقوں میں بلڈوزنگ اور تباہی کی کارروائیاں جاری ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top