ملائیشیا میں بین الاقوامی قرآن مقابلہ، بنگلہ دیش کے 14 سالہ حافظ احتشام الحق ہیرا نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی

66ویں بین الاقوامی قرآن مقابلے کی اختتامی تقریب، کوالالمپور

اسلام 24/7 : ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں منعقدہ 66ویں بین الاقوامی تلاوت و حفظِ قرآن مقابلے کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں مردوں کے حفظ کے زمرے میں بنگلہ دیش کے 14 سالہ حافظ احتشام الحق ہیرا اول قرار پائے۔ ہفتہ 10 اکتوبر کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر کوالالمپور میں ہونے والی اختتامی تقریب میں ملائیشیا کے وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر ذوالکفل حسن نے کامیاب قراء اور حفاظ میں انعامات تقسیم کیے۔

ملائیشیا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘برناما’ کے مطابق احتشام الحق ہیرا اور شام کے عبدالرحمان جمال ابراہیم دونوں نے 97 نمبر حاصل کیے، تاہم تجوید اور درستگی کے نمبروں کی بنیاد پر بنگلہ دیشی حافظ کو اول قرار دیا گیا، جبکہ ملائیشیا کے محمد عز الافنان سزالی 96.33 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ مردوں کی قرات میں انڈونیشیا کے قاری محمد فوجی رضوان 94.67 نمبروں کے ساتھ اول، ملائیشیا کے چک حسن تقی الدین دوسرے اور بیلجیم کے براہیم بوغلاب تیسرے نمبر پر رہے۔

مزید پڑھیں : اسلام آباد میں پہلا بین الاقوامی حسن قرات مقابلہ اختتام پذیر

خواتین کی قرات میں ملائیشیا کی قاریہ نور شکورہ محمد موسیٰ 91.83 نمبروں کے ساتھ اول رہیں، جبکہ سنگاپور اور برونائی کی قاریات نے دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کے حفظ کے زمرے میں نائیجر کی 19 سالہ شفاعتو اسوفو اول، لیبیا کی منہ علی السودانی دوم اور میانمار کی تھین گی مون سوم رہیں۔ ملائیشیا کے سرکاری نشریاتی ادارے ‘آر ٹی ایم’ کے مطابق محمد فوجی رضوان نے کہا کہ 13 سال بعد یہ اعزاز دوبارہ ان کے ملک کے حصے میں آیا ہے۔

منتظمین کے مطابق ہر زمرے کے فاتح کو 40 ہزار رنگٹ نقد، ٹرافی، سونے کا سیٹ اور عمرہ پیکج دیا گیا، جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والوں کو بالترتیب 30 ہزار اور 20 ہزار رنگٹ ملے۔ ایرانی قرآنی خبر رساں ایجنسی ‘ایکنا’ کے مطابق قرات کے زمرے میں ایران کی نمائندگی قاری سید صادق مسلمی نے کی، تاہم وہ عمدہ کارکردگی کے باوجود پہلی تین پوزیشنوں میں جگہ نہ بنا سکے۔

واضح رہے کہ اس سال کے مقابلے میں 38 ممالک کے 50 قراء و حفاظ نے حصہ لیا جن میں 34 مرد اور 16 خواتین شامل تھیں۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے 6 اکتوبر کو مقابلے کا افتتاح کیا تھا، اور کوالالمپور میں ہر سال ہونے والا یہ مقابلہ دنیا کے معتبر ترین بین الاقوامی قرآنی مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top