پروفیسر نجاد گرابس بوسنیا و ہرزیگووینا کے نئے مفتی اعظم منتخب، 230 ووٹ حاصل کیے

بوسنیا و ہرزیگووینا کے نومنتخب مفتی اعظم پروفیسر نجاد گرابس

اسلام 24/7 : بوسنیا و ہرزیگووینا کی اسلامی کمیونٹی نے سراجیوو کے مفتی پروفیسر ڈاکٹر نجاد گرابس کو اپنا نیا سربراہ (رئیس العلماء) منتخب کر لیا ہے۔ ہفتہ 10 اکتوبر 2026 کو سراجیوو کی غازی خسرو بیگ لائبریری میں انتخابی ادارے کے اجلاس میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے انہوں نے 230 ووٹ لے کر واضح اکثریت حاصل کی، اور اب وہ بوسنیا کی اسلامی کمیونٹی کے 14ویں رئیس العلماء ہوں گے۔

بوسنیائی روزنامے ‘دنیونی اواز’ کے مطابق انتخابی ادارے کے 398 ارکان کو ووٹ کا حق حاصل تھا جن میں سے 386 نے ووٹ ڈالے۔ نجاد گرابس کو 59.59 فیصد ووٹ ملے، جبکہ منصور مالکچ 128 ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور سالم دیدووچ 28 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ انتخابی ادارہ اسلامی کمیونٹی کی اسمبلی کے ارکان، مفتیوں، چیف ائمہ، مقامی مجالس کے سربراہوں اور اسلامی اداروں کے سربراہوں پر مشتمل تھا۔

مزید پڑھیں : ایران اسلامی مسلمانوں کی عزت اور مظلومین کے دفاع کا نمونہ ہے، مفتی اعظم کروشیا

ترکیہ کے سرکاری نشریاتی ادارے ‘ٹی آر ٹی بلقان’ کے مطابق انتخاب کے بعد نجاد گرابس نے کہا: ’’آج اسلامی کمیونٹی جیت گئی، آج بوسنیا، سنجاک، کروشیا، سلووینیا اور پوری تارکین وطن برادری کے مسلمان جیت گئے۔‘‘ انہوں نے سبکدوش ہونے والے رئیس العلماء حسین کاوازووچ کا شکریہ ادا کیا اور دو ادوار میں کمیونٹی کی قیادت کو باوقار اور جرات مندانہ قرار دیا۔

حسین کاوازووچ نے نئے سربراہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیا دور اسلامی کمیونٹی کے اندر نئے اقدامات کا تقاضا کرے گا۔ اسلامی کمیونٹی کی اسمبلی کے صدر ادہم بیچاکچچ کے مطابق نئے رئیس العلماء کو 15 نومبر کو سراجیوو کی غازی خسرو بیگ مسجد میں ایک خصوصی تقریب میں تقرری کی سند ‘منشور’ پیش کی جائے گی، جہاں وہ اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ 1968 میں پیدا ہونے والے نجاد گرابس نے غازی خسرو بیگ مدرسے اور سراجیوو کی فیکلٹی آف اسلامک سائنسز سے تعلیم حاصل کی اور وہیں پروفیسر رہے۔ وہ 2006 سے 2021 تک سلووینیا کی اسلامی کمیونٹی کے سربراہ اور لیوبلیانا کے مفتی رہے، جہاں ان کی نگرانی میں تعمیر ہونے والی مسجد فروری 2020 میں کھولی گئی، جبکہ ستمبر 2021 سے وہ سراجیوو کے مفتی کے منصب پر فائز تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top