اسلام 24/7 : فلسطینی ادارے ‘سیٹلمنٹ آبزرویٹری’ نے کہا ہے کہ اکتوبر کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں یہودی آبادکاروں کے 1,349 حملے ریکارڈ کیے گئے۔ ‘فلسطین انفارمیشن سینٹر’ کے مطابق ان حملوں میں 3 فلسطینی شہید اور 90 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اضافہ زیتون کی فصل کے موسم کے ساتھ ہوا، جب ہزاروں فلسطینی خاندانوں کی اولین ترجیح اپنی زرعی زمینوں تک رسائی ہوتی ہے۔ آبزرویٹری نے مہینے کے دوران فائرنگ کے 26 واقعات بھی ریکارڈ کیے، جن میں فلسطینیوں کو مختلف نوعیت کے زخم آئے۔
مزید پڑھیں : الخلیل کا محاصرہ تیسرے روز میں داخل: 1,500 فلسطینی جبراً بےگھر، مزید 2,500 کو نکالنے کا منصوبہ، 20 گرفتار
آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار آبادکاروں کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف براہ راست طاقت اور زندہ گولیوں کے بڑھتے استعمال کی عکاسی کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مہینے بھر میں یومیہ اوسطاً 44 حملے ہوئے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ زرعی زمینوں تک رسائی کے اہم ترین دنوں میں فلسطینی کسانوں پر دباؤ میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا۔
ادھر فلسطینی خبر رساں ایجنسی ‘وفا’ کے مطابق فلسطین کے نائب صدر حسین الشیخ نے بدھ کو رام اللہ کے مشرق میں واقع گاؤں المغیر کی سماجی شخصیات سے ملاقات کی اور آبادکاروں کے حملوں اور قابض فوج کے اقدامات کے سائے میں گاؤں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ المغیر حالیہ مہینوں میں آبادکاروں کے مسلسل حملوں کا نشانہ رہا ہے۔
واضح رہے کہ فلسطینی حکام کے مطابق آبادکاروں کے یہ حملے اکثر قابض اسرائیلی فوج کی موجودگی اور تحفظ میں کیے جاتے ہیں۔