اسلام 24/7 : لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے شامی داخلی سلامتی کے اداروں کی جانب سے ایک سیل سے متعلق الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ لبنانی ٹی وی ‘المنار’ کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ شام میں حزب اللہ کی کوئی موجودگی یا وابستگی نہیں ہے۔
بیان کے مطابق حزب اللہ کا قطب نما صرف اسرائیلی دشمن کا مقابلہ ہے اور وہ کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتی۔ تحریک نے ایسے الزامات کو مزاحمت کے خلاف میڈیا مہم کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تمام تر توجہ لبنان کی سرزمین کے دفاع پر مرکوز ہے۔
مزید پڑھیں : مزاحمت کسی بھی حل میں بنیادی فریق ہے، مکمل انخلا اور قیدیوں کی رہائی ناقابل سودا حقوق ہیں، مصطفیٰ بیرم
‘المنار’ کے مطابق بدھ کو حزب اللہ نے ایک اور بیان میں یمن میں اپنے مشیروں کی موجودگی کے دعووں کی بھی قطعی تردید کی اور کسی بھی فوجی کارروائی میں شمولیت کے الزامات کو مسترد کر دیا۔
یہ تردید ایسے وقت سامنے آئی ہے جب جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ ‘المنار’ کے مطابق گزشتہ رات اسرائیلی ڈرون نے مجدل سلم میں ایک گھر کو نشانہ بنایا، جبکہ وادی الحجیر، وادی السلوقی اور زبقین کے اطراف پر گولہ باری کی گئی، جبکہ بیروت کے جنوبی مضافات ‘ضاحیہ’ کے اوپر بھی اسرائیلی ڈرونز کی پروازیں دیکھی گئیں۔
واضح رہے کہ حزب اللہ کا مؤقف ہے کہ اس کے ہتھیار صرف لبنان کے دفاع اور اسرائیلی جارحیت کی روک تھام کے لیے ہیں۔