اسلام 24/7 : اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے تسلسل کے باعث غزہ کی سڑکیں ’’موت کی راہداریاں‘‘ بن چکی ہیں۔ فلسطینی خبر رساں ادارے ‘فلسطین انفارمیشن سینٹر’ کے مطابق انہوں نے منگل کی شام اپنے بیان میں کہا کہ بے گھر خاندانوں کے خیموں پر بمباری اور خواتین و بچوں کا قتل نسل کشی کا تسلسل ہے۔
حازم قاسم نے کہا کہ امریکی سرپرستی اور ضامن ممالک کی موجودگی میں طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود یہ جرم کبھی نہیں رکا۔ ان کے مطابق بڑھتے ہوئے حملوں، سخت محاصرے اور منظم بھوک کی پالیسی نے غزہ کو عالمی برادری کی آنکھوں کے سامنے ایک تباہ کن انسانی المیے میں بدل دیا ہے۔
مزید پڑھیں : غزہ میں دوبارہ قحط کا خطرہ: 17 میں سے 10 بیکریاں آٹا نہ ملنے سے بند، 10 دن سے آٹے کی کوئی کھیپ داخل نہیں ہوئی
حماس کے ترجمان نے ‘امن بورڈ’ اور اس کے نمائندے نکولائی ملادینوف سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ ان جرائم پر خاموشی ’’عملی شراکت داری‘‘ ہے، اور بورڈ میں شامل عرب اور اسلامی ممالک سنجیدہ مؤقف اپنائیں تاکہ اسرائیل ان کی شرکت کو اپنے جرائم کے لیے ڈھال نہ بنا سکے۔
‘فلسطین انفارمیشن سینٹر’ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 شہداء اور 27 زخمی اسپتالوں میں لائے گئے۔ وزارت کے مطابق جنگ بندی کے آغاز سے اب تک 1,599 فلسطینی شہید اور 5,774 زخمی ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 74,615 ہو چکی ہے۔