اسلام 24/7 : ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے رکن اور سپاہ پاسداران کے سابق سربراہ محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایرانی شرائط پر امریکی جواب قائل کرنے والا نہیں تھا۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘مہر’ کے مطابق انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کو ایران کی 7 شرائط کا واضح جواب دینا اور ان پر مکمل عمل کرنا ہوگا۔
محسن رضائی کے مطابق آبنائے ہرمز صرف اسی صورت میں دوبارہ کھولی جائے گی جب یہ شرائط مکمل طور پر اور واضح انداز میں پوری کی جائیں۔ یمنی ٹی وی ‘المسیرہ’ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایران جنگ بندی کی خاطر اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں : آبنائے ہرمز جنگ سے پہلے والی حالت میں واپس نہیں جائے گی، عراقچی؛ ناکہ بندی کے بدلے آبنائے کھولنے کی خبریں جھوٹی ہیں
یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب امریکی نائب صدر جے ڈی وانس کا ایک خط قطر کے ذریعے تہران پہنچایا گیا تھا۔ لبنانی ٹی وی ‘المنار’ کے مطابق قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کہ بالواسطہ مذاکرات ’’انتہائی گہرے‘‘ ہیں اور دوحہ ایک عبوری معاہدے کے لیے پرامید ہے۔
ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ جنگ کا خاتمہ، پابندیوں کا اٹھایا جانا، نقصانات کا ازالہ اور جارحیت نہ کرنے کی ضمانت کسی بھی معاہدے کی بنیادی شرائط ہیں۔ ‘المنار’ کے مطابق تہران کا کہنا ہے کہ وہ دباؤ میں کوئی رعایت نہیں دے گا۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر جارحیت کے آغاز کے بعد سے آبنائے ہرمز میں ایرانی ضوابط نافذ ہیں۔