غزہ: الدرج کے ملبے سے نکالے گئے 75 فلسطینیوں کی نماز جنازہ، جنگ بندی کے بعد شہداء کی تعداد 1,517 ہو گئی

غزہ شہر میں ملبے سے نکالے گئے فلسطینیوں کی نماز جنازہ

اسلام 24/7 : غزہ شہر میں اتوار کی صبح ان 75 فلسطینیوں کی نماز جنازہ ادا کی گئی جن کی باقیات محلہ الدرج میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے نکالی گئی تھیں۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی ‘وفا’ کے مطابق جنازے میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی، جبکہ پورے غزہ میں تقریباً آٹھ ہزار لاشیں اب بھی ملبے تلے دبی ہونے کا خدشہ ہے۔

یمنی ٹی وی ‘المسیرہ’ کے مطابق جنازے کا جلوس الدرج اسپورٹس کلب کے باہر سے شروع ہوا اور شہداء کو شیخ رضوان قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ غزہ سول ڈیفنس کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر عبداللہ المجدلاوی نے بتایا کہ یہ باقیات گزشتہ ہفتوں کے دوران کئی تباہ شدہ گھروں سے نکالی گئیں، جن پر جنگ کے ابتدائی مہینوں میں مکینوں کی موجودگی میں بمباری کی گئی تھی۔ ان کے مطابق شہداء کا تعلق تقریباً 20 خاندانوں سے ہے۔

مزید پڑھیں : غزہ میں جنگ بندی کے بعد شہداء 1,511 ہو گئے، دیر البلح، التفاح اور رفح میں ڈرون حملے؛ 340 سے زائد بچے شہید ہوئے، یونیسف

‘وفا’ نے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ کے اسپتالوں میں سات لاشیں اور 25 زخمی لائے گئے۔ اتوار کو خان یونس کے مشرق میں السکہ اسٹریٹ پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 28 سالہ خاتون وجدان کمال شراب شہید ہو گئیں، جبکہ ‘المنار’ کے مطابق وسطی غزہ کے المغازی کیمپ میں بے گھر خاندانوں کے خیموں پر فائرنگ سے کمسن بچی ‘مسک الدلو’ شہید ہو گئی۔

طبی ذرائع کے مطابق 11 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 1,517 اور زخمیوں کی تعداد 5,400 ہو گئی ہے، جبکہ اس دوران ملبے سے 839 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں شہداء کی مجموعی تعداد 74,475 اور زخمیوں کی تعداد 175,517 تک پہنچ گئی ہے۔

واضح رہے کہ ‘وفا’ کے مطابق ملبہ ہٹانے کی کارروائیاں بھاری مشینری اور فرانزک آلات کی شدید کمی کے باعث متاثر ہو رہی ہیں اور بہت سی لاشیں ہاتھوں سے نکالنی پڑ رہی ہیں۔ فلسطینی وزارت انصاف کی لاپتہ افراد سے متعلق قومی ٹیم کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 10 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top