اسلام 24/7 : ایران نے بین الاقوامی بحری تنظیم (آئی ایم او) کی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایرانی بندرگاہوں کی امریکی بحری ناکہ بندی کو جارحیت قرار دے کر اس کی مذمت کرے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘مہر’ کے مطابق ایرانی وفد نے لندن میں کونسل کے 138ویں اجلاس میں بدھ کو آبنائے ہرمز کی جہاز رانی سے متعلق امریکی و اسرائیلی دعووں کو بے بنیاد اور سیاسی مقاصد پر مبنی قرار دے کر مسترد کر دیا۔
ایرانی نمائندے نے کہا کہ امریکا ایرانی بندرگاہوں کی غیر قانونی ناکہ بندی جاری رکھتے ہوئے جہاز رانی کی آزادی کے دفاع کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔ وفد نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی قرارداد 3314 کی شق 3(سی) کا حوالہ دے کر ناکہ بندی کو جارحیت کا عمل قرار دیا۔
مزید پڑھیں : آبنائے ہرمز جنگ سے پہلے والی حالت میں واپس نہیں جائے گی، عراقچی؛ ناکہ بندی کے بدلے آبنائے کھولنے کی خبریں جھوٹی ہیں
‘مہر’ کے مطابق ایرانی نمائندے نے کہا کہ محفوظ جہاز رانی کے لیے ایران نے جنگ ختم کرنے کے ‘اسلام آباد معاہدے’ میں شمولیت اختیار کی، مگر امریکا نے اپنے وعدوں کی خلاف ورزی کر کے انتظامات کو کمزور کر دیا۔
وفد نے یمنی افواج کی کارروائیوں کو ایران سے جوڑنے کی کوششیں بھی مسترد کر دیں۔ ایرانی نمائندے کے مطابق یمن ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے جو اپنی مرضی سے فیصلے کرتا ہے، اور جارحیت و شہری ہلاکتوں کے ذمہ دار اپنی ذمہ داری ایران پر نہیں ڈال سکتے۔
واضح رہے کہ ایرانی وفد نے اجلاس میں دو سرکاری دستاویزات جمع کرائیں۔ وفد کے مطابق 28 فروری 2026 کو جارحیت شروع ہونے کے بعد ایران کے بحری ڈھانچے اور تجارتی جہازوں کو وسیع نقصان پہنچا ہے، اور ناکہ بندی کو حل کیے بغیر اہم بحری راستوں کا تحفظ ممکن نہیں۔