یمنی فوج کا نجران کے قریب سعودی اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرانے کا اعلان، ریاض نے نجران میں ہیلی کاپٹر گرنے کی تصدیق کر دی

یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع بیان جاری کرتے ہوئے

اسلام 24/7 : یمنی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کے سرحدی علاقے نجران کے قریب ایک سعودی ‘اپاچی’ جنگی ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے، جبکہ چند گھنٹوں بعد صوبہ حجہ کی فضا میں ایک مسلح سعودی جاسوس ڈرون بھی تباہ کر دیا گیا۔ دوسری جانب سعودی عرب نے نجران میں اپنا ایک ہیلی کاپٹر گرنے اور اس میں سوار دونوں افسروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

یمنی ٹی وی ‘المسیرہ’ کے مطابق مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے ہفتے کی رات بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹر سرحد پر یمنی فوجی ٹھکانوں کے خلاف جارحانہ کارروائیاں کر رہا تھا کہ اسے ’’مناسب ہتھیار‘‘ سے نشانہ بنایا گیا۔ یمنی افواج کا کہنا ہے کہ حالیہ سعودی جارحیت کے آغاز سے اب تک وہ درجنوں ڈرونز کے علاوہ ایک ‘ایف 15’ لڑاکا طیارہ اور ایک ‘ٹائفون’ طیارہ بھی مار گرا چکی ہیں۔

مزید پڑھیں : یمنی فضائی دفاع نے صعدہ پر سعودی ‘ونگ لونگ 2’ ڈرون مار گرایا، ریاض ایئرپورٹ پر نئے میزائل حملے کا دعویٰ

اتوار کو جاری مختصر بیان میں یحییٰ سریع نے کہا: ’’اللہ کے فضل اور اس کی مدد سے ہماری مسلح افواج نے سعودی دشمن کے ‘کارایل’ قسم کے ایک مسلح جاسوس طیارے کو اس وقت مار گرایا جب وہ صوبہ حجہ کی فضائی حدود میں جارحانہ کارروائیاں کر رہا تھا‘‘۔ ان کے مطابق یہ حالیہ کشیدگی کے آغاز سے اس ماڈل کا چوتھا اور یمنی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد سے ساتواں ڈرون ہے جسے مار گرایا گیا۔ ایرانی خبر رساں ادارے ‘مہر’ نے بھی یمنی فوج کے ترجمان کے حوالے سے یہ خبر جاری کی ہے۔

لبنانی ٹی وی ‘المنار’ کے مطابق یمنی اعلان کے بعد سعودی عرب نے اتوار کو بتایا کہ وزارت نیشنل گارڈ کا ایک جاسوس ہیلی کاپٹر ملک کے جنوبی علاقے نجران میں گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار دونوں افسر ہلاک ہو گئے۔ سعودی اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے دعویٰ کیا کہ ‘اے ایچ 6 آئی’ ماڈل کا یہ ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث سعودی حدود کے اندر گرا۔

‘المسیرہ’ کے مطابق چند گھنٹوں کے اندر اپاچی ہیلی کاپٹر اور کارایل ڈرون کا گرایا جانا یمنی فضائی دفاع کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کا ثبوت ہے، جس نے دشمن کی فضائی نقل و حرکت کی گنجائش کم کر دی ہے۔ واضح رہے کہ ‘کارایل’ ترکی کا تیار کردہ ٹیکٹیکل جاسوسی ڈرون ہے، جبکہ اپاچی کو دنیا کے جدید ترین حملہ آور ہیلی کاپٹروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ یمنی فضائی دفاع اس سے قبل صعدہ کی فضا میں سعودی ‘ونگ لونگ 2’ ڈرون گرانے کا بھی اعلان کر چکا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top