اسلام 24/7 : ایرانی انجینئرز اور ماہرین نے پیٹروکیمیکل صنعت میں استعمال ہونے والا 500 ٹن وزنی بڑا پولیمرائزیشن ری ایکٹر ملک کے اندر تیار کر لیا ہے، جسے جنوبی ایران کے صنعتی علاقے عسلویہ کے پیٹروکیمیکل کمپلیکس میں نصب کیا جائے گا۔ یہ ری ایکٹر صوبہ فارس میں تیار کیا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے ‘صدا و سیما’ کے فارس مرکز اور ‘پارس ٹوڈے’ کی رپورٹ کے مطابق ری ایکٹر تیار کرنے والی کمپنی کے سربراہ مہدی قطبی نے بتایا کہ اس ری ایکٹر کی لمبائی 40 میٹر ہے اور اسے مکمل طور پر ایرانی ماہرین نے انتہائی تخصصی مہارت کے ساتھ تیار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے اس نوعیت کے ری ایکٹر بنانے کی ٹیکنالوجی صرف تین ممالک کے پاس تھی۔
مزید پڑھیں : ایران کی پیٹروکیمیکل صنعت میں بڑی کامیابی؛ پیداواری صلاحیت 131.5 ملین ٹن تک پہنچ جائے گی
مہدی قطبی کے مطابق پولیمرائزیشن ری ایکٹر پیٹروکیمیکل صنعت میں پولیمرز کی تیاری کے لیے استعمال ہوتے ہیں، جن سے پلاسٹک اور دیگر صنعتی مواد بنایا جاتا ہے۔ رپورٹ میں کمپنی کا نام اور ری ایکٹر کی تنصیب کی حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایران حالیہ دنوں میں متعدد سائنسی کامیابیوں کا اعلان کر چکا ہے۔ ایرانی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے 8 اکتوبر کو کہا تھا کہ ملک میں 78 ریڈیو فارماسیوٹیکل مصنوعات باقاعدگی سے تیار کی جا رہی ہیں اور 20 سے زائد تحقیق کے مرحلے میں ہیں۔ ایرانی خبر رساں ادارے ‘آنا’ کے مطابق ایک ایرانی کمپنی نے کینسر سے متاثرہ لمفی غدود کی شناخت کے لیے ’’ٹلمانوسیپٹ‘‘ نامی ریڈیو فارماسیوٹیکل تیار کیا ہے، جو اب طبی آزمائش کے مرحلے میں ہے۔ اسی طرح وزارت سائنس کے مطابق دنیا کے سرفہرست 2 فیصد سائنسدانوں کی 2026 کی سالانہ فہرست میں 2,678 ایرانی محققین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ایران پر عائد پابندیوں اور حالیہ جنگ کے باوجود ایرانی حکام صنعتی آلات اور ٹیکنالوجی کی مقامی تیاری کو خود انحصاری کی پالیسی کا اہم حصہ قرار دیتے ہیں۔ گزشتہ ماہ ایران نے مکمل طور پر مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کی گئی 2 میگاواٹ کی پہلی ونڈ ٹربائن بھی قومی گرڈ سے منسلک کی تھی۔