کینیڈا: کنزرویٹو پارٹی کی انتخابی مہم کی سربراہ کی اسلام مخالف پوسٹس پر شدید ردعمل، برطرفی کا مطالبہ

بی سی کنزرویٹو پارٹی کی انتخابی مہم کی سربراہ کیٹی میریفیلڈ

اسلام 24/7 : کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں ‘بی سی کنزرویٹو پارٹی’ کی انتخابی مہم کی سربراہ کیٹی میریفیلڈ کی اسلام مخالف سوشل میڈیا پوسٹس پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور ‘بی سی این ڈی پی’ کے سربراہ ڈیوڈ ایبی نے انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کینیڈا کے سرکاری نشریاتی ادارے ‘سی بی سی’ کی اتوار کو جاری رپورٹ کے مطابق کنزرویٹو پارٹی کے عبوری سربراہ لورن ڈورکسن نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

‘نیشنل کونسل آف کینیڈین مسلمز’ کے مطابق میریفیلڈ نے 17 جون کو ‘ایکس’ پر اسلام کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مغربی تہذیب کا دفاع کرو‘‘ اور اس ’’نظریے‘‘ اور اس کا دفاع کرنے والوں کو نکال باہر کیا جائے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ بعد میں بھی انہوں نے ایسی پوسٹس آگے بڑھائیں جن میں اسلام کو ’’ریپ کلچر‘‘ کہا گیا اور نیویارک کے مسلمان میئر کو ’’جہاد پسند‘‘ قرار دیا گیا۔ تنظیم نے کہا کہ ’’کینیڈا کی سیاست میں نفرت کی کوئی گنجائش نہیں‘‘۔

مزید پڑھیں : کینیڈا میں اسلاموفوبیا کے خلاف قائم دفتر بند

‘سی بی سی’ کے مطابق میریفیلڈ نے جمعہ کو اپنے ردعمل میں کہا کہ انہوں نے اصل پوسٹ چند گھنٹوں میں ہٹا دی تھی اور ان کا غصہ برطانیہ میں بچیوں کے جنسی استحصال کے جرائم کو جواز دینے والی انتہا پسندی پر تھا، ’’مسلمانوں یا ان کے دین پر نہیں‘‘۔ مسلم تنظیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے نہ معافی مانگی اور نہ ہی اپنی پوسٹس کے تسلسل کا جواب دیا۔

ڈیوڈ ایبی نے ہفتے کو صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اگر ایک بڑی سیاسی جماعت کی انتخابی مہم کی سربراہ صوبے کے مسلمانوں کو نشانہ بنا سکتی ہے تو ’’اس صوبے میں کوئی بھی برادری محفوظ نہیں‘‘۔ کنزرویٹو امیدوار ذیشان وہلہ نے میریفیلڈ کی زبان کو ’’ناقابل قبول‘‘ کہا، تاہم ان کے بقول یہ ذاتی صدمے کا ردعمل تھا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسی جماعت نے وکٹوریا سے اپنے ایک امیدوار کو فلسطینیوں اور پاکستانیوں کے خلاف توہین آمیز پوسٹس کے باعث پارٹی سے نکال دیا تھا۔ کینیڈا کے سرکاری ادارۂ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 2020 سے 2024 کے دوران مسلمانوں کو نشانہ بنانے والے پولیس میں رپورٹ ہونے والے نفرت انگیز جرائم 84 سے بڑھ کر 229 ہو گئے، یعنی تقریباً 173 فیصد اضافہ ہوا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top