ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایران کے خلاف حالیہ جارحانہ اقدامات پر پوپ کے اخلاقی مؤقف پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
صدر مسعود پزشکیان نے اسی طرح عالمی برادری سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ حقیقت پسندانہ اور منصفانہ نقطہ نظر اپنائے۔
انہوں نے عالمی برادری سے امریکا کے غیر قانونی مطالبات اور مہم جوئی نیز خطرناک پالیسیوں کے خلاف کھڑے ہونے کا بھی مطالبہ کیا۔
صدر مسعود پزشکیان نے پوری دنیا کے کیتھولک عیسائیوں کے رہنما کے نام اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حکومت کی تباہ کن پالیسیاں اور ان کے غیر قانونی حملے نہ صرف ایران کے خلاف ہیں بلکہ یہ جارحیت عالمی سطح پر قانون کی حکمرانی، بین الاقوامی قانون، انسانی اقدار اور الہی مذاہب کی تعلیمات کے بھی خلاف ہے اور یہ واضح ہے کہ اس خطرناک روش کا خمیازہ پوری عالمی برادری کو بھگتنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ وہ سفارت کاری اور مسائل کے پرامن حل کا پابند ہے یہاں تک کہ امریکی حکومت کی جانب سے باربار دھوکا دیے جانے کے باوجود ایران نے پاکستان کی ثالثی کا خیرمقدم کیا اور ایران نے اسلام آباد مذاکرات میں دیانتداری کے ساتھ پیشہ ورانہ طور پر شرکت کی ہے۔
صدر پزشکیان نے زور دیا کہ امریکی حکومت کے غیر قانونی مطالبات کے خلاف ایران کی مزاحمت، بین الاقوامی قانون اور اعلیٰ انسانی اقدار کے تحفظ کی مترادف ہے۔