اسلام 24/7 : صنعاء حکومت کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر انیس الاصبحی نے بتایا ہے کہ رہائشی مکانات پر سعودی فضائی حملوں میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران 12 شہری شہید اور 15 زخمی ہوئے، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ یمنی خبر رساں ایجنسی ‘سبا’ کے مطابق یہ اعلان جمعرات کی صبح سویرے کیا گیا۔
یمنی نیوز ویب سائٹ ‘عرب جرنل’ کے مطابق سب سے بڑا سانحہ تعز کے ضلع مقبنہ میں پیش آیا جہاں سعودی طیاروں نے ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا، جس میں 7 شہری شہید اور 6 زخمی ہوئے۔ شہداء میں دو اور زخمیوں میں چار بچے شامل ہیں۔ صعدہ کے ضلع سحار میں ایک گھر پر حملے میں ایک بچہ شہید اور ایک شہری زخمی ہوا۔
مزید پڑھیں : یمن پر سعودی جارحیت: الحدیدہ میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد شہید، 24 گھنٹوں میں 21 شہادتیں؛ مجموعی شہداء 193 ہو گئے
‘عرب جرنل’ کے مطابق سعودی طیاروں نے تعز کے علاقے مفرق شرعب میں پلاسٹک کے جوتے بنانے والی فیکٹری کو بھی نشانہ بنایا۔ ابتدائی طور پر تین مزدور شہید اور آٹھ زخمی ہوئے تھے، تاہم جمعرات کو ایک زخمی مزدور کے دم توڑنے سے شہداء کی تعداد چار ہو گئی۔
جمعہ کو ڈاکٹر الاصبحی نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سعودی جارحیت سے 9 شہری شہید ہوئے جن میں تین بچے شامل ہیں، جبکہ 14 زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق حالیہ تصعید کے آغاز سے اب تک 276 شہری شہید اور 654 زخمی ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ یمنی عسکری میڈیا نے جمعرات کو ‘شواظ’ ڈرونز سے الجوف کے مشرقی صحرائی علاقے میں سعودی فوجی اجتماعات اور گاڑیوں کو نشانہ بنانے کی ویڈیو جاری کی۔