اسلام 24/7 : لبنانی اخبار ‘الاخبار’ کے ایک سروے کے مطابق لبنان کے 84 فیصد شیعہ شہریوں کا کہنا ہے کہ مزاحمت کے ہتھیار تحفظ اور دفاعی روک تھام کے لیے برقرار رہنے چاہییں۔ لبنانی ٹی وی ‘المنار’ کے مطابق یہ سروے 1,065 افراد سے کیا گیا۔
سروے کے مطابق 97 فیصد شرکاء نے اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کو مسترد کیا، جبکہ 86 فیصد نے مجوزہ فریم ورک معاہدے کی مخالفت کی۔ 53 فیصد کا کہنا تھا کہ جنگ اور امن کا فیصلہ مزاحمت کے پاس ہونا چاہیے، جبکہ 56 فیصد نے لبنانی فوج پر اعتماد ظاہر کیا۔
مزید پڑھیں : جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے جاری: طیبہ اور خیام میں مکانات دھماکوں سے مسمار، شبعا میں بلڈوزروں سے نئی سڑک کی تعمیر
یہ سروے ایسے وقت سامنے آیا ہے جب جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ ‘المنار’ کے مطابق گزشتہ رات ایک اسرائیلی ڈرون مجدل سلم میں ایک گھر میں گھس کر بالکونی پر پھٹ گیا، تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔
‘المنار’ کے مطابق اسرائیلی فوج نے وادی الحجیر، وادی السلوقی، وادی زبقین اور المنصوری کے اطراف پر گولہ باری کی، جبکہ حلتا اور کفرشوبا میں زیتون چننے والے کسانوں کے قریب صوتی بم گرائے گئے۔ بیروت کے جنوبی مضافات ‘ضاحیہ’ کے اوپر بھی اسرائیلی ڈرونز کی پروازیں دیکھی گئیں۔
واضح رہے کہ جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور مزاحمت کا کہنا ہے کہ یہی حملے ہتھیاروں کی ضرورت کو ثابت کرتے ہیں۔