حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ العظمیٰ علی رضا اعرافی نے عراق کے مقدس شہروں نجف اشرف اور کربلا میں شہید رہبر امت حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ایؒ کی تاریخی تشییع جنازہ پر اپنا اہم پیغام جاری کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نجف و کربلا میں جو عظیم منظر دیکھنے میں آیا، وہ عراقی عوام کے ایمان، اخلاص، قربانی اور ایثار کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔
آیت اللہ اعرافی نے عراقی عوام، معزز قبائل، خواتین و حضرات، مجاہد نوجوانوں، علماء، یونیورسٹیوں سے وابستہ افراد، محور مقاومت کے گروہوں، سماجی و سیاسی جماعتوں، عراقی حکومت، نجف و کربلا کے مقدس روضوں اور خصوصاً حشد الشعبی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ عظیم اور بے مثال واقعہ اسلامی امت کے اتحاد کی علامت ہے جو الٰہی اہداف، استکباری طاقتوں سے آزادی، امریکی تسلط سے نجات اور اسلامی سرزمینوں خصوصاً فلسطین کو امریکہ اور غاصب صہیونیوں سے آزاد کرانے کے مقصد کے گرد جمع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عراق میں شہید امت کے جنازے کا شاندار استقبال: امریکہ مخالف نعروں سے فضا گونج اٹھی، خون خواہی کا زور دار مطالبہ
مرجع تقلید نے کہا کہ یہ نورانی تقریب حضرت امیرالمؤمنین امام علیؑ، حضرت امام حسینؑ، حضرت ابوالفضل العباسؑ اور دیگر ائمہ معصومینؑ کے مقدس روضوں اور عراق کے بزرگ علماء و شہداء کے مزارات کے تعاون سے منعقد ہوئی۔ یہ تقریب اسلام، ایران، عراق اور محور مقاومت کے دشمنوں کی بہت سی سازشوں کو ناکام بنانے والی اور اسلامی بیداری، امت مسلمہ کی عالمی تحریک، اسلامی اور خودمختار نظام کے قیام کے لیے نئے حالات پیدا کرنے والی ثابت ہوگی۔
آیت اللہ اعرافی نے عراقی عوام، حکومت، ذمہ داران، محور مقاومت، خطے کی اقوام اور تقریب میں شریک تمام طبقات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عتبات عالیات، بزرگ علماء، حوزہ علمیہ نجف اشرف کے اساتذہ، ایرانی، عراقی اور دیگر ممالک کے طلبہ و فضلاء، حوزہ علمیہ قم کے علماء، جامعہ مدرسین اور نجف اشرف کے مرجع اعلیٰ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نجف اشرف اور قم المقدسہ کے مراجع کی رہنمائی میں دونوں حوزوں کے تعلقات، مسلم اقوام، محور مقاومت اور ایران و عراق کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے، اسلامی تہذیب نو کی تشکیل کی طرف پیش رفت تیز ہوگی اور حضرت حجتؑ کے ظہور کی راہ ہموار ہوگی۔
آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ولی فقیہ اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کی برکت سے شیطانی طاقتوں کا زوال اور اسلام کی طاقت کا عروج دیکھنے کو ملے گا۔ ہم سب حوزہ ہائے علمیہ، مسلم اقوام، اولیائے الٰہی، عظیم شہداء، علمائے دین، مراجع عظام، امام خمینیؒ، رہبر شہید امام خامنہ ایؒ اور رہبر معظم انقلاب سے کیے گئے عہد پر ثابت قدم رہیں گے۔