i24seven.org : قابض اسرائیلی فوج نے جمعرات کے روز غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں مسماری، گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق رفح کے رہائشی ہشام خالد حمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ وہ ایک سال قبل ہونے والی بمباری میں زخمی ہوئے تھے۔
اسرائیلی توپ خانے نے غزہ شہر کے مشرقی علاقے حی التفاح، السنافور چوک کے گردونواح اور پٹی کے وسطی علاقے البریج کیمپ کے شمالی اور مشرقی حصوں کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ خان یونس کے مشرقی حصے میں بھی مسماری کی کارروائی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا کا مقبوضہ بیت المقدس میں مستقل سفارت خانہ: معاہدے پر دستخط
قابض فوج غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے۔ اس میں بے گھر افراد کے مراکز پر فضائی اور توپ خانے سے گولہ باری، نام نہاد ’یلو لائن‘ کے اندر مسماری اور تباہی کے آپریشنز، اور اشیاء، امداد و سفر کی نقل و حرکت پر پابندیاں شامل ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق دس اکتوبر 2025ء سے جنگ بندی کے آغاز کے بعد اب تک 1045 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ 3380 زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ 786 لاشیں ملبے سے نکالنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔
سات اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی جارحیت میں مجموعی طور پر تقریباً 73,058 شہداء اور 173,488 زخمی ہو چکے ہیں۔